یوم تکبیر سربلندی، وقار اور قائداعظم کے خوابوں کی تعبیر ہے

Mohammad Ali IPA محمد علی ہفتہ 28 مئی 2016 16:45

پیرمحل(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28مئی۔2016ء ) یوم تکبیر سربلندی، وقار اور قائداعظم کے خوابوں کی تعبیر ہے۔ حکمران و قوم آج مادر وطن کی سالمیت و خود مختاری کے تحفظ کا عہد کرے زراورزور کی پرواہ نہ کرتے ہوئے میاں نوازشریف نے بھارت کی تھانیداری کاخواب چکناچورکردیا 14 اگست 1947ء قیام پاکستان جبکہ 28 مئی 1998ء ”استحکام پاکستان“ کا دن ہے۔

ان خیالات کا اظہار عبدالشفیق میو ضلعی راہنما پاکستان مسلم لیگ ن نے پیرمحل میں منعقدہ پروقار تقریب کے شرکاء سے خطاب میں کیا انہوں نے کہا بلاشبہ یوم تکبیر پاکستانیوں کیلئے یوم افتخارہے جبکہ میاں نوازشریف سرمایہ افتخارہیں۔میاں نوازشریف نے بھارت کی دھمکیوں کاجواب چھ دھماکوں سے دیا ۔پاکستان کوایٹمی طاقت بنانے اورجنوبی ایشیاء میں طاقت کاتوازن برقراررکھنے کاکریڈٹ میاں نوازشریف کوجاتا ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کانیوکلیئر پروگرام پرامن مقاصد کیلئے ہے ۔بھارت نے ایٹمی تجربات کئے توپاکستان کیخلاف اشتعال انگیز بیانات اورجارحانہ اقدامات کاسلسلہ شروع کردیاجس کے بعد بحیثیت وزیراعظم میاں نوازشریف کیلئے ایٹمی تجربات کرناانتہائی ضروری ہوگیا تھا پاکستان کا نیوکلیئر پروگرام پوری قوم کا اثاثہ اور خطے میں امن و امان کی ضمانت و علامت ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام میاں نواز شریف جیسے بہادر حکمرانوں، ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور دیگر ممتاز سائنس دان اور پاک افواج کی سکیورٹی کی مرہون منت اور ملک و قوم پر ان کا ناقابل فراموش احسان ہے۔

آج اگر پاکستان میں داخلی عدم استحکام اور سیاسی بحرانوں کے باوجود کسی بیرونی دشمن کو وطن عزیز کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں ہوئی تو وہ پاکستان کا ایٹمی قوت بننا اور میاں نواز شریف کا تمام تر دباؤ مسترد کر کے قومی مفادات پر کمپرومائز نہ کرنے کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 28 مئی کا دن پاکستانیوں کے لیے تاریخی، قابل فخر اور بڑا اہم دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ 28 مئی کے ایٹمی دھماکوں نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا اور ایشیاء میں بھارتی بالادستی و تھانیداری کا خواب چکنا چور کر دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوم تکبیر پاکستان کی سربلندی عزت اور بابائے قوم قائداعظم کے خوابوں کی تعبیر کا دن ہے۔ قوم آج یوم تکبیر پر مادر وطن کی سالمیت و خودمختاری کے تحفظ کا عہد کرے۔

متعلقہ عنوان :