پی آئی سی اور گلاب دیوی چیسٹ ہسپتا ل کے درمیان امراض قلب کے شعبہ میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا ‘ خواجہ سلمان رفیق

ہفتہ 28 مئی 2016 16:37

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 مئی۔2016ء) پنجاب انسٹی ٹیو ٹ آف کارڈیالوجی میں مریضوں کا رش اور ویٹنگ لسٹ کم کرنے کیلئے گلاب دیوی چیسٹ ہسپتال کے ساتھ امراض قلب کے شعبہ میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا ،حکومت گلاب دیوی ہسپتال کو خصوصی فنڈز فراہم کرے گی۔ یہ بات مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ کے ہمراہ گلاب دیوی چیسٹ ہسپتال کے شعبہ امراض قلب کا دورہ کے موقعہ پر کہی ۔

چیف ایگزیکٹو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پروفیسر ندیم حیات ملک ،کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر اسد اسلم خان ،علامہ اقبال میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر محمود شوکت ،ماہر امراض قلب پروفیسر زبیر ،ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ظہیر عباس ملک ،ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر سلمان شاہد اور ایم ایس گلاب دیوی ہسپتال ڈاکٹر محمد حامد بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری ہیلتھ نے دیگر طبی ماہرین کے ہمراہ گلاب دیوی ہسپتال کے شعبہ امراض قلب کی ایمرجنسی ،میڈیکل وارڈ ،کارڈیک سرجری یونٹ اور انجیو گرافی سیکشن کا معائنہ کیا ۔اس موقع پر سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ نے کہا کہ گلاب دیوی ہسپتال کے شعبہ امراض قلب کے انفراسٹرکچر اور طبی آلات کو اس کی کپیسٹی کے مطابق استعمال میں لاکر زیادہ مریضوں کو علاج اور کارڈیک سرجری کی سہولیات مہیا کی جاسکتی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ گلاب دیوی ہسپتال کی سہولیات اور ہیومن ریسوس کو مزید بہتر بنانے کیلئے حکومت پنجاب فنڈز فراہم کرے گی اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ساتھ ریفرل سسٹم بنایا جائے گا ۔انہو ں نے کہا کہ لاہور کے تمام پبلک سیکٹر ٹیچنگ ہسپتال میں بھی امراض قلب کے علاج کی سہولیات دستیاب ہیں ان کے درمیان ایک لنک کے ذریعے مریضوں اور بستروں کی تعداد اور دیگر سہولیات کاڈیٹا شیئرنگ سسٹم بھی تشکیل دیا جائے گا تا کہ ایک دوسرے کی سہولیات سے استفادہ کیا جا سکے ۔

نجم احمد شاہ نے ہدایت کی کہ پبلک سیکٹر کے ٹیچنگ ہسپتالوں کے شعبہ امراض قلب کو مکمل فعال کیا جائے اور دل کے مریضوں کیلئے دستیاب سہولیات کو بروئے کار لاتے ہوئے امراض قلب کے مریضوں کی سہولیات میں اضافہ کیا جائے تا کہ پی آئی سی پر مریضوں کا رش کم ہو سکے ۔اس موقع پر پروفیسر ندیم حیات ملک نے بتایا کہ پی آئی سی میں روزانہ شعبہ ایمرجنسی میں 700سے زیادہ مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں جس میں شہر کے دیگر ہسپتالوں سے ریفر ہو کر آنے واے مریض بھی شامل ہیں ۔

متعلقہ عنوان :