سرگودھا اور گردونواح میں پینے کا صاف پانی عوام کیلئے آب زم زم بنتا جارہا ہے

Mohammad Ali IPA محمد علی ہفتہ 28 مئی 2016 16:00

سرگودھا(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28مئی۔2016ء ) سرگودھا اور گردونواح میں پینے کا صاف پانی عوام کیلئے آب زم زم بنتا جارہا ہے لوگ مہنگے داموں پینے کا پانی خرید کر گزر بسر کرنے پر مجبور ہیں زیر زمین پانی کڑوا اور مضر صحت ہونے کی بوجہ سے عوام کیلئے گرمی کے موسم میں مشکلات مزید بڑھتی جارہی ہیں جبکہ بلدیہ سرگودھا کی جانب سے فراہم کیا جانیوالا پانی گٹروں کا پانی مکس ہونے سے انسانی جانوں کیلئے مختلف بیماریوں کا موجب بن رہا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر کی مختلف یونین کونسلز میں پینے کا پانی مکمل طور پر بند ہے جس کی وجہ سے لوگ نہر سے پانی خرید کر لانے پر مجبور ہیں لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نہر کنارے ہیڈ پمپس نصب کئے ہیں جہاں پر دن بھر رش رہتا ہے گرمی کے موسم میں پانی کا زیادہ استعمال عوام کیلئے وبال جان بنا ہوا ہے ارکان اسمبلی کی جانب سے میٹھے پانی کی فراہمی کے دعوؤں کو تین سال کا عرصہ گزر چکا ہے مگر عوام کو پینے کے پانی کا مسئلہ حل نہیں ہوسکا جس سے شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت فوری طور پر پانی فراہم کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کرے تاکہ عوام کو پینے کا صاف پانی میسر آسکے۔