عوامی مسائل وزیراعظم، ایم این اے اور ایم پی اے حل نہیں کر سکتے،مصطفی کمال

ہفتہ 28 مئی 2016 14:42

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 مئی۔2016ء) پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ عوامی مسائل وزیراعظم، ایم این اے اور ایم پی اے حل نہیں کر سکتے، ان مسائل کو حل کرنے کیلئے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنا ہوں گے، ہمیں اس نظام کو تبدیل کرنا پڑے گا، ایم این اے ، ایم پی ایز کا کام نالیاں بنانا نہیں قانون سازی کرنا ہے، ہم عوام کے مسائل حل کریں گے۔

وہ ہفتہ کو کوئٹہ میں پارٹی دفتر کے افتتاح کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کیک کاٹ کر دفتر کا افتتاح کیا اور کہا کہ شاندار استقبال پر دل کی گہرائیوں سے لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، یہاں آنے سے پہلے ہمارا آفس آپریشنل تھا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 6 اضلاع میں ہمارے دفاتر قائم ہیں، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں بھی ہمارے دفاترموجود ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں لوگ ہمارے قافلے میں شامل ہو رہے ہیں، ہم رنگ، نسل، مذہب اور صوبوں کی بنیاد پر منتشر اکائیاں ہیں، پی ایس پی ملک کو توڑنے نہیں بلکہ جوڑنے کیلئے آئی ہے، اختلافات کو دشمنی میں تبدیل نہیں کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانیوں کو ایک دوسرے کا دشمن نہ بنایا جائے، پارٹی کا جھنڈا فساد کی جڑ ہے، اس لئے پاکستان کے جھنڈے کو نصب العین بنایا۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات ضرور رکھنے چاہئیں مگر دشمنی نہیں، لوگوں کو پینے کا صاف پانی، سیوریج کا نظام، اچھی تعلیم اور ہسپتالوں میں کم قیمت پر دوائی چاہیے، مسائل کے حل کیلئے اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاتھوں میں صرف پاکستان کا جھنڈا لہرائے گا۔ مصطفی کمال نے کہا کہ عوامی مسائل وزیراعظم، ایم این اے اور ایم پی اے حل نہیں کر سکتے، ان مسائل کو حل کرنے کیلئے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنا ہوں گے، ہمیں اس نظام کو تبدیل کرنا پڑے گا، ایم این اے ، ایم پی ایز کا کام نالیاں بنانا نہیں قانون سازی کرنا ہے، ہم عوام کے مسائل حل کریں گے۔

متعلقہ عنوان :