پاکستان پٹھان کوٹ واقعے کی تحقیقات کیلئے بھارتی ٹیم کو آنے کی اجازت نہیں دے رہا،بھارتی وزیر داخلہ کا الزام

ہفتہ 28 مئی 2016 14:02

پاکستان پٹھان کوٹ واقعے کی تحقیقات کیلئے بھارتی ٹیم کو آنے کی اجازت ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 مئی۔2016ء) بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے پاکستان نے ہمارے اعتماد کو مکمل طور پرمجروح کیا ہے ، دہشت گردی کے خلاف پاکستان سے جو امید کر رہے تھے وہ پوری نہیں ہوئی،پٹھانکوٹ حملہ کیس پر کوئی کاروائی نہ ہونا بدقسمتی کی بات ہے ،پٹھانکوٹ دہشتگردی میں ملوث افراد کو ضرور سزا ملنی چاہیے ،اگر این آئی اے کی ٹیم کودورہ پاکستان کی اجازت نہ دی گئی تو یہ دھوکہ ہو گا ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میرے ا عتماد کو مکمل طور پر ٹھیس پہنچائی گئی ہے ۔دہشت گردی کے معاملے پر جس قسم کی حمایت ہم پاکستان سے چاہتے تھے وہ نہیں مل سکی ۔

(جاری ہے)

مجھے یہ سب کہنے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں ہو رہی ۔ بھارتی وزیر داخلہ نے کہا کہ پٹھانکوٹ حملے کی تحقیقات کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان طے ہوا تھا کہ جب پاکستانی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بھارت کا دورہ کرے گی تو این آئی اے کی ٹیم کو پاکستان کے دورے کی اجازت دی جائے گی۔

ہم اس بات کا انتظار کر رہے ہیں کہ پاکستان کی جانب سے کب این آئی اے کی ٹیم کو دورے کی اجازت دی جاتی ہے ۔یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ پٹھانکوٹ حملہ کیس پر کوئی کاروائی نہیں کی گئی ۔پٹھانکوٹ دہشتگردی میں ملوث افراد کو ضرور سزا ملنی چاہیے ۔اگر این آئی اے کی ٹیم کو پاکستان کا دورہ کرنے کی اجازت نہ دی گئی تو یہ دھوکہ ہو گا ۔