خاندانی منصوبہ بندی،مانع حمل اشتہارات پرپابندی عائد

ہدایات پر عمل نہ کرنے والے میڈیا اداروں کے خلاف پیمرا قوانین کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی، پیمرا

ہفتہ 28 مئی 2016 13:26

خاندانی منصوبہ بندی،مانع حمل اشتہارات پرپابندی عائد

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 مئی۔2016ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے ٹی وی اور ریڈیو چینلز پر مانع حمل اور خاندانی منصوبہ بندی کی مصنوعات کے اشتہارات نشر کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔پیمرا کی جانب سے یہ اقدام الیکٹرانک میڈیا پر مانع حمل اور خاندانی منصوبہ بندی کے اشتہارات نشر ہونے کے خلاف موصول ہونے والی شکایات کے بعد اٹھایا گیا۔

پیمرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق، 'عام عوام ان مصنوعات کے اشتہارات نشر ہونے سے معصوم بچوں کے ذہنوں پر پڑنے والے اثرات کی وجہ سے بہت زیادہ تحفظات کا شکار ہے'۔ مزید کہا گیا ہے کہ والدین نے ان مصنوعات کے اشتہارات نشر کرنے پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا۔ریگولیٹری باڈی نے خبردار کیا ہے کہ ان ہدایات پر عمل نہ کرنے والے میڈیا اداروں کے خلاف پیمرا قوانین کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گذشتہ برس بھی پیمرا نے ایک کنڈوم برانڈ کے اشتہار کے حوالے سے شکایات موصول ہونے کی وجہ سے اسے غیر اخلاقی اور مذہبی عقائد کے خلاف قرار دے کر پابندی لگا دی تھی۔واضح رہے کہ پاکستان میں خاندانی منصوبہ بندی کے معاملات پر بات چیت سے گریز کیا جاتا ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایک تہائی پاکستانیوں کو خاندانی منصوبہ بندی کی معلومات اور سہولیات تک رسائی نہیں ہے، جبکہ ملک کی آبادی میں بھی بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔

متعلقہ عنوان :