غیرملکیوں کو شناختی کارڈ بناکردینے والے دھندے میں ملوث ایک اورنادرا اہلکار گرفتار

ہفتہ 28 مئی 2016 12:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 مئی۔2016ء)غیرملکیوں کے پاکستانی شناختی کارڈ بنانے کے دھندے میں ملوث ایک اور نادرا اہلکار کو اسلام آباد سے گرفتار کر لیا گیا، اہلکار انسانی اسمگلنگ میں بھی ملوث ہے۔ذرائع کے مطابق غیر ملکیوں کے پاکستانی شناختی کارڈ بنانے والوں کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا ہے اور اس سلسلے میں وزارت داخلہ کی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد شروع ہو گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ وزارت داخلہ کے مطابقغیرملکیوں کے پاکستانی شناختی کارڈ بنانے کے دھندے میں ملوث ایک اور نادرا اہلکارملزم سید افسر رضا کو گرفتار کرلیا گیا ہے جو نادرا میں بطور جونیئر ایگزیکٹو تعینات تھا۔ ملزم نادرا ریکارڈ میں رد و بدل کے ذریعے غیرملکیوں کو پاکستانی خاندانوں کا حصہ ظاہر کرتا تھا۔ گرفتار ملزم پر انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کا بھی الزام ہے۔ دوسری جانب محمد ولی کا شناختی کارڈ بنوانے میں مدد کرنے والے اہلکار رفعت کا نام ای سی ایل میں شامل کر لیا گیا ہے۔