پانامہ قومی ایشو ، اس سے ہٹ نہیں سکتے ، نوازشریف کی صحت کیلئے دعا گو ہوں،چوہدری اعتزاز

احسن

ہفتہ 28 مئی 2016 12:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 مئی۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما چوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس قومی ایشو ہے، اس سے ہٹ نہیں سکتے ،وزیراعظم نوازشریف کی صحت کیلئے دعاگو ہیں،میری ہمدردیاں انکے اہلخانہ کیساتھ ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میں کبھی بھی پارٹی پالیسی کیخلاف نہیں جاؤں گا ، پارٹی پالیسی چیئرمین بلاول نے بیان کردی ہے لیکن وزیراعظم نوازشریف کی اوپن ہارٹ سرجری کی وجہ سے میں انکی صحت کیلئے دعا گو ہوں، پانامہ لیکس ایک قومی ایشو ہے جو پاکستان کیلئے بہت اہم ہے کہ کس طرح پاکستانی سرمایہ خفیہ کمپنیوں میں رکھا گیا، ہمارا موقف ٹی او آر پر وہی ہوگا لیکن ہمارا لہجہ مدھم ہوگا ہم وزیراعظم اورانکے اہلخانہ کی دل آزاری نہیں کرنا چاہتے۔

(جاری ہے)

ہم نے حکومت سے کہا کہ اگر ہمارے ٹی او آر کو من وعن مان لیا جائے تو وزیراعظم کا نام ابتدائیہ سے نکالا جاسکتا ہے جس کے بارے میں کہا جاتا رہا کہ ہم وزیراعظم کا نام ہٹانے پر تیار ہوگئے ہیں سنسنی خیز ایشو بنا دیا گیا، ہم شریف فیملی کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں چاہتے حالانکہ حکومت نے بہت واویلا ڈال رکھا ہے، حکومت چاہتی ہے کہ کمیشن کے سامنے لاکھوں مقدمات آجائیں اتنی دھول اڑے کہ پانامہ پیپرز کی طرف کسی کا دھیان ہی نہ جائے، احتجاج کی تحریک پی ٹی آئی کا اپنا فیصلہ ہے، ہمارے تجویز کردہ ٹی او آر کے لئے قانون سازی کرنا پڑیگی۔