وزیراعظم نوازشریف کی اوپن ہارٹ سرجری منگل کو ہوگی

سرجری سے پہلے 3 روز مخصوص دوائیں دی جائیں گی اور وہ ایک ہفتہ ہسپتال میں رہیں گے۔ مریم نواز

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 28 مئی 2016 12:12

وزیراعظم نوازشریف کی اوپن ہارٹ سرجری منگل کو ہوگی

لندن(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28مئی۔2016ء) لندن میں طبی چیک اپ کیلئے مقیم وزیراعظم محمد نواز شریف کا قیام مزید بڑھ گیا ہے کیونکہ برطانوی ڈاکٹروں نے انھیں سفر کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم چیک اپ کے بعد وطن واپس آنا چاہتے تھے تاہم برطانوی ڈاکٹروں نے وزیراعظم کو سفر سے روکتے ہوئے انھیں بتایا کہ اب آپریشن میں مزید تاخیر ممکن نہیں ہے۔

ذرائع بتایا ہے کہ ممکنہ طور پر وزیراعظم کی منگل کے روز اوپن ہارٹ سرجری ہوگی۔آپریشن کے بعد وزیراعظم نواز شریف کو لندن میں مزید دو ہفتے مکمل آرام درکار ہوگا۔وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے اپنے والد کے حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ منگل کو وزیراعظم نواز شریف کے دل کا آپریشن ہے۔

(جاری ہے)

سرجری سے پہلے 3 روز مخصوص دوائیں دی جائیں گی۔

مریم نواز نے بتایا کہ وزیراعظم سرجری کے بعد ایک ہفتہ ہسپتال میں رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کے لیے لاکھوں لوگ دعاگو ہیں۔وزیراعظم نواز شریف کے دل کے آپریشن کا فیصلہ ہوا تو صحت یابی کیلئے ہر کوئی دعا گو ہے ، خورشید شاہ ، بلاول بھٹو ، عمران خان ، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سمیت دیگر سیاستدانوں نے نیک تمناوں کا اظہار کیا ہے۔