انگلینڈ کیخلاف واحد ٹی ٹونٹی میں آفریدی کی شمولیت کا امکان روشن

ہفتہ 28 مئی 2016 12:08

انگلینڈ کیخلاف واحد ٹی ٹونٹی میں آفریدی کی شمولیت کا امکان روشن

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار28مئی ۔2016ء )قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کے انگلینڈ میں شیڈول کیمپ میں شرکت کا امکان پیدا ہو گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے چیف سلیکٹرانضمام الحق کی خواہش پر انگلش کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کیلئے وہاں تربیتی کیمپ لگانیکا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے انگلش ڈیوک گیندیں بھی خریدلی گئی ہیں۔

گرین شرٹس کا تربیتی کیمپ جس گراؤنڈ میں لگے گا وہیں پر شاہد آفریدی بھی موجود ہوں گے جو اسی کاؤنٹی ہمپشائرسے نیٹ ویسٹ ٹی ٹونٹی بلاسٹ کھیل رہے ہیں۔

(جاری ہے)

باوثوق ذرائع نے دعویٰ کیاہے کہ آفریدی ملکی کرکٹرزکے ساتھ تربیتی کیمپ میں شرکت کریں گے اور اگر سلیکٹرز ان کی فارم اور فٹنس سے متاثرہوئے تو انہیں انگلینڈکے خلاف واحد ٹی ٹونٹی کیلئے منتخب کیا جاسکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق مختصر فارمیٹ کے نئے کپتان سرفرازاحمد آفریدی کو کھلانے کے حق میں ہیں جبکہ چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی ان کیلئے نرم گوشہ رکھتے ہیں۔ذرائع کاکہناہے کہ ایک بڑے سپانسرکا بھی بورڈپردباؤ ہے کہ ”لالہ “کو مزید موقع دیا جائے۔یاد رہے کہ شاہد آفریدی نے اپنے ایک حالیہ انٹرویومیں بھی کہاہے کہ وہ دورہ انگلینڈ میں قومی ٹیم کا حصہ بننے کے لیے پر امید ہیں۔