اضلاع رمضان سے قبل عام استعمال کی اشیاء کی قیمتیں مقرر کریں، ڈویژنل کمشنر

جمعہ 27 مئی 2016 23:11

حیدر آباد ۔ 27 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 مئی۔2016ء) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد قاضی شاہد پرویز نے کہاہے کہ دکانداروں اور تاجروں کی ہمیشہ یہ روایت رہی ہے کہ وہ رمضان مبارک کے آنے سے قبل عام استعمال کی اشیا بالخصوص وہ اشیاجو کہ رمضان المبارک میں استعمال ہوتی ہیں کی قیمتیں بڑھادیتے ہیں اس لئے یہ ضروری ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ حکومت سندھ کی جانب سے انہیں دیئے گئے مجسٹریٹ اختیار ات استعمال کرتے ہوئے مارکیٹوں اور بازاروں کے دورے کر کے عام استعمال کی اشیا پر کڑی نظر رکھیں جبکہ اس ضمن میں مارکیٹ کمیٹیاں بھی اپنا موثر کردار ادا کر سکتی ہیں یہ بات انہوں نے شہباز ہال حیدرآباد میں رمضان المبارک کے دوران عام استعمال کی اشیا پر کی قیمتوں پر قابو پانے کے متعلق منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈپٹی کمشنر جامشورو کے علاوہ ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں رمضان المبارک شروع ہونے سے قبل عام استعمال کی اشیاکی قیمتیں مقرر کر کے ان کی فہرست 30 مئی 2016 ء تک ان کے دفتر میں ارسال کی جائیں تاکہ ان فہرستوں کا جائزہ لیا جاسکے ۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ وہ رمضان المبارک کے شروع ہونے سے قبل مارکیٹوں اور بازاروں کے اچانک دورے کر کے عام استعمال کی اشیا کو مقررہ قیمتوں پر فروخت کو یقینی بنائیں ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں ضروری عام استعمال کی اشیاکی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر کے ان پر عمل کریں جبکہ عام استعمال کی اشیا کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے ڈویژنل اور ضلعی سطح پر کنٹرول روم اور شکایتی مراکز بھی قائم کیے جائیں تاکہ عوام الناس کی شکایت کا بروقت ازالہ کیا جاسکے انہوں نے مزید ہدایت کی کہ رمضان کے دوران روزانہ کی بنیاد پر ان کی جانب سے خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں اور تاجروں اور ان پر عائد جرمانے کرنے کے حوالے سے ہونے والی کارروائی کے متعلق روزانہ انہیں اور محکمہ داخلہ سندھ کو رپورٹ ارسال کریں ۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ وہ احترام رمضان آرڈینینس 1981 پر عملدرآمد اور صارفین کے لیے مارکیٹوں اور بازاروں میں پھل اور سبزیوں کی موجودگی اور ان کے معیار کو چیک کرنے کے لیے متعلقہ محکموں سے باہمی رابطے سے ناپ تول کے عمل کو بھی یقینی بنائیں ۔ انہوں نے مارکیٹ کمیٹیوں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی دکانوں اور ٹھیلوں پر حکومت کی جانب سے مقررہ قیمتوں کی فہرستیں نمایا مقام پر لگائیں تاکہ عوام الناس کو عام استعمال کی اشیا کی قیمتوں کی معلومات ہو سکے انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کوہدایت کی کہ وہ رمضان کے دوران عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عام استعمال کی اشیا کی مقررہ قیمتوں کی فہرستوں اور کیے جانے والے اقدامات کے متعلق میڈیا کے ذریعے تشہیر کو یقینی بنائیں۔

اجلاس میں حیدرآباد ڈویژن کے ڈپٹی کمشنروں اور مارکیٹ کمیٹیوں کے نمائندوں کے علاوہ تاجروں کی ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :