صوبائی وزیر کا ملیر میں سیوریج کی ابتر صورتحال پر سخت نوٹس

عوام کو پانی اور سیوریج کی سہولیات میں رکاوٹ بننے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا، جام خان شورو

جمعہ 27 مئی 2016 23:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 مئی۔2016ء) صوبائی وزیر کا ملیر میں سیوریج کی ابتر صورتحال پر سخت نوٹس ،عوام کو پانی اور سیوریج کی سہولیات میں رکاوٹ بننے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا،ایم ڈی واٹربورڈ کو فوری طور پر مسائل کے حل اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی ہدایت،فرائض سے کوتاہی پر سپرنٹنڈنگ انجینئر ملیرکو معطل کردیا گیا ،واٹربورڈ میں کوتاہی کے مرتکب افسران و اہلکاروں کی معطلی کا سلسلہ جاری ،عوام کو پانی اور سیوریج کی سہولیات میں رکاوٹ بننے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا ایم ڈی واٹربورڈ کا انتباہ ،تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات اور چیئرمین کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ نے ملیر میں سیوریج کی ابتر صورتحال کا سخت نوٹس لے لیا ہے انہوں نے ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فرید کو علاقہ کا فوری دورہ کرنے کی ہدایت کی انہوں نے کہاکہ شہر میں پانی اور سیوریج کی صورتحال بہتر بنائی جائے، کوتاہی کے مرتکب اہلکاروں و افسران کو فوری برطرف کرنے کا سلسلہ شروع کیا جائے،صوبائی وزیر بلدیات کی ہدایت پر ایم ڈی واٹربورڈ نے ملیر منزل پمپ ،شیش محل سمیت دیگر علاقوں اور کالا بورڈ کا دورہ کیا اور سیوریج کی خراب صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا انہوں نے وہاں موجود عملے سے علاقے میں نکاسی آب کی خراب صورتحال پر سخت باز پرس کی ، فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی کے مرتکب ہونے پر سپرنٹنڈنگ انجینئر ملیر منیر بھٹی کو فوری طور پر معطل کردیا ان کی جگہ محمد عارف کو سپرنٹنڈنگ انجینئر کا اضافی چارج دے کر جلد از جلد علاقے میں سیوریج کی صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ملیر کے علاقے میں ہفتوں سے سیوریج کی صورتحال خراب تھی جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا تھاایم ڈی واٹربورڈ نے چند یوم پہلے بھی ایکس ای این ملیر اختر باجوہ کو معطل کرکے عامر وقار کو ایکس ای این ملیر کا اضافی چارج دیا تھا اور منیر بھٹی کو وارننگ جاری کی گئی تھی تاہم ہفتوں بعد بھی وہ ملیر میں نکاسی آب کا مسئلہ حل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے تھے ایم ڈی واٹربورڈ نے افسران کو متنبہ کیا ہے کہ اگر کسی کو فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی و غفلت کا مرتکب پایا گیا تو اس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی انہوں نے مزید کہا کہ رمضان کی آمد آمد ہے اس کے علاوہ موسم کی حدت میں اضافہ سے عوام پریشان ہیں صوبائی وزیر بلدیات اور چیئرمین واٹربورڈ کی ہدایت ہے کہ کوتاہی برتنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے شہری کو پانی و سیوریج کی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی لاپرواہی منظور نہیں اب ادارے میں غفلت کا مظاہرہ کرنیوالوں کو فوری معطل کردیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :