دہشت گردی کیخلاف نام نہاد جنگ حکمرانوں کے کرپشن کا سب سے بڑا ذریعہ ہے،مشتاق احمد

حکمرانوں کے ڈالرز کے شوق کی وجہ سے پاکستان میں ڈرون حملے ہورہے ہیں ،ذاتی مفادات ،کرپشن کی وجہ سے پاکستان کی حاکمیت اعلیٰ اور خودمختاری ختم ہو کر رہ گئی ہے،امیر جماعت اسلامی کے پی کے کاپشاورپریس کلب میں سیمینار سے خطاب

جمعہ 27 مئی 2016 23:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 مئی۔2016ء) امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف نام نہاد جنگ حکمرانوں کے کرپشن کا سب سے بڑا ذریعہ ہے ۔حکمرانوں کے ڈالرز کے شوق کی وجہ سے پاکستان میں ڈرون حملے ہورہے ہیں ۔ذاتی مفادات اور کرپشن کی وجہ سے پاکستان کی حاکمیت اعلیٰ اور خودمختاری ختم ہو کر رہ گئی ہے ۔

آئی ڈی پیز کے لیے آنے والے کجھور یں ، قربانی کے گوشت اور امدادی سامان تک حکمرانوں نے ہضم کر لیاہے ۔ معاشی دہشت گردی عسکر ی دہشت گردی سے زیادہ خطرناک ہے ۔معاشی دہشت گردی کی وجہ سے ملک میں لوڈشیڈنگ ہے ،بے روزگاری ہے دو کروڑ بچے تعلیم سے محروم ہیں کرپٹ حکمرانوں کو ملک کو امریکی شکار گاہ بنا دیا ہے۔ کرپشن فری پاکستان بننے میں کرپشن اشرافیہ اور حکمران ٹولہ رکاوٹ ہے۔

(جاری ہے)

کرپٹ اشرافیہ اور کرپٹ حکمرانوں نے کرپشن کو تحفظ اور فروغ دیا ہے۔ آج ملک کا بچہ بچہ مقروض ہے حکمرانوں نے ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف سے قرضے لیے ہیں یہ سارا قرضہ حکمرانوں کی عیش و عشرت پر خرچ ہوا ہے اور ملک کی دولت سے پنامہ ،ملائیشیا اور دیگر ممالک میں آف شور کمپنیاں بنائی گئیں ہیں ۔ہم ملک اور عوام کی لوٹی ہوئی دولت کی ایک ایک پائی وصول کریں گے اگرکرپشن ختم ہوجائے اور ملک کی لوٹی ہوئی دولت ملک میں واپس آجائے تو یہ ملک کرپشن فری پاکستان بن سکتا ہے کوئی بچہ تعلیم کے بغیر اور کوئی مریض علاج سے محروم نہیں ہوگا۔

چو ر چور کا احتساب نہیں کرسکتا ۔کرپشن اور پاکستان ایک ساتھ مزید نہیں چل سکتا۔ شاعر قوم کی آنکھ ، کان اور زبان ہوتے ہیں اور ان کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ۔ملک کے ہر تحریک میں شاعروں نے اپنا کردار ادا کیاہے کرپشن کے خاتمے کے لیے شعراء عوام میں شعور بیدار کرنے میں ہمارا ساتھ دیں ۔ وہ پشاور پریس کلب میں کرپشن فری پاکستان مشاعرہ اوروزیر ستان سے تعلق رکھنے والے ممتاز شاعر سلیم زاہیب کے کتاب کی تقریب رونمائی کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے ۔

تقریب سے امیر جماعت اسلامی فاٹا و سابق ممبرقو می اسمبلی صاحبزادہ ہارون الرشید ، جنر ل سیکرٹری ڈاکٹر منصف خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ صوبے کے ممتاز شعراء نے اپنا کلام پیش کیا ۔ مشتاق احمد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکمرانوں نے دولت کو ہی اپنا سب کچھ قرار دے رکھا ہے ۔ایک طرف غربت اور جہالت نے عام آدمی کو دو وقت کی روٹی اور علم جیسی بنیادی ضرورت سے محروم کررکھا ہے اور دوسری طرف حکمران عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ لاد رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اقتدار پر قابض ٹولہ 69سال سے قومی امانتوں کو لوٹ رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ قوم امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کے قیاد ت میں کرپشن سے پاک پاکستان کیلئے ساتھ دیں ۔