نواز شریف نے عالمی دباؤ کے باوجودبھارت کے ایٹمی دھماکوں کوجواب دے کرملکی دفاع کو ہمیشہ کیلئے محفوظ بنا دیا،احسن اقبال

مضبوط معیشت ہی ملکی سالمیت کی ضامن ہے، حکومت 2016کو پیداواری استعداد، معیار اور جدت کے سال کے طور پر منا رہی ہے،وفاقی وزیرکایوم تکبیرکے موقع پرپیغام

جمعہ 27 مئی 2016 22:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 مئی۔2016ء) وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہاہے کہ نواز شریف نے عالمی دباؤ کے باوجود دلیرانہ اقدام اٹھایا اوربھارت کے ایٹمی دھماکوں کوجواب دے کرملکی دفاع کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے محفوظ بنا دیا،مضبوط معیشت ہی ملکی سالمیت کی ضامن ہے، حکومت 2016کو پیداواری استعداد، معیار اور جدت کے سال کے طور پر منا رہی ہے ۔

یوم تکبیرکے موقع پراپنے خصوصی پیغام میں احسن اقبال نے کہاکہ 28مئی 1998کا دن پاکستان کی تاریخ میں ایک ایسا یادگار دن ہے جب ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیاگیا۔ بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں اس وقت وزیراعظم نواز شریف نے عالمی دباؤ کے باوجود دلیرانہ اقدام اٹھایا اوربھارت کے ایٹمی دھماکوں کوجواب دے کرملکی دفاع کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے محفوظ بنا دیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف کاس یہ اقدام اس وقت ملک کی عوام کی امنگوں اورآرزوؤں کا آئینہ دار تھا۔ خو ش قسمتی سے اٹھارہ سال بعد 2016ملک کی باگ ڈور میاں نواز شریف کے ہاتھ میں ہے جو ملکی ترقی کے انقلابی ایجنڈے پرگامزن ہیں۔میاں نواز شریف کی قیادت میں ملکی دفاع کومحفوظ بنانے کے بعد ملک کی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنا آج کی اہم ترین ضرورت ہے کیونکہ آج کے دور میں مضبوط معیشت ہی ملکی سالمیت کی ضامن ہے۔

گزشتہ تین برس میں ورثے میں ملی ہوئی دگرگوں معیشت کودرست سمت میں گامزن کرنے میں کامیابی کے بعد اسے پائیدار بنیادوں پر ترقی دینے کے ایجنڈے پر پورے زورو شور سے کام جاری ہے۔ اکیسیویں صدی علم پر مبنی اور مسابقتی برتری کی معیشت کی صدی ہے۔ اس معیشت کے تقاضے پورے کرنے کے لئے ہمیں معاشی شعبے میں پیداواری استعداد، معیار اور جدت کے پہلوؤں پر کام کی ضرورت ہے تاکہ ملکی مصنوعات کو عالمی منڈی میں مسابقتی برتری حاصل ہو سکے۔

موجودہ حکومت نے 2016کو پیداواری استعداد، معیار اور جدت کے سال کے طور پر منا رہی ہے جس کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ان تینوں اہداف کے حصول کے لئے ہمیں سخت محنت، اسمارٹ طرز عمل اور بہترین نتائج کے حصول کی منصوبہ بندی کو اپنا شعار بنانا ہوگا۔ اگر قوم یکجا ہو کر ان اصولوں کو اپنی انفرادی و اجتماعی زندگیوں میں اپنا لے تو وہ دن دور نہیں جب پاکستان اپنے دفاع کی طرح معاشی لحاظ سے بھی ناقابل تسخیر قوت بن کر ابھرے گا۔ موجودہ حکومت اس ایجنڈے کو کامیاب بنانے کے لئے پر عزم ہے تاکہ ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کی طرح ملکی معیشت کو بھی مضبوط بنیادوں پر استوارکیا جا سکے اور ہم پاکستان کو اکیسویں صدی کی پہلی 25 معیشتیں میں شامل کروا سکیں۔

متعلقہ عنوان :