پیپلزپارٹی کا پانامہ لیکس کے معاملے (ن) لیگ سے کسی قسم کی مفاہمت نہ کر نے کا فیصلہ

خورشید شاہ اور اعتزازاحسن کو بھی پانامہ لیکس کے معاملے پر نوازشر یف حکومت کیخلاف ڈٹ جانے کی ہدایت پیپلزپارٹی کی پالیسی میں کسی قسم کا ابہام نہیں ،ہم کر پشن کیخلاف اور عوام کے ساتھ ہیں‘ پیپلزپارٹی اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی ، پانامالیکس کے معاملے پر حکومت کو ٹف ٹائم دیا جائے گا،حکمرانوں سے کر پشن کا حساب لیا جا ئیگا‘سب سے پہلے وزیراعظم کے خاندان کا حساب ہونا چاہیے ،بلاول بھٹو

جمعہ 27 مئی 2016 22:23

لاہور/دوبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 مئی۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کا پانامہ لیکس کے معاملے پر (ن) لیگ سے کسی قسم کی مفاہمت نہ کر نے کا فیصلہ جبکہ چیئر مین پیپلزپارٹی بلاول بھٹونے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور سینٹ میں اپوزیشن لیدڑ چوہدری اعتزازاحسن کو بھی پانامہ لیکس کے معاملے پر نوازشر یف حکومت کیخلاف ڈٹ جانے کی ہدایت کردی۔

پیپلزپارٹی کے ذرائع کے حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو نے اپنے والد آصف علی زداری سے مشاورت کے بعدیہ فیصلہ کر لیا ہے کہ پانامہ لیکس کے معاملے اپنے پیپلزپارٹی اپنے موقف سے کسی صورت پیچھے ہٹے گی اور نہ ہی نوازشر یف اور انکی حکومت سے کسی قسم کی مفاہمت کی جائیگی۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو نے پیپلزپارٹی کوٹی او آرز پر اپنے موقف پر ڈٹے رہنے کا حکم دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی،پانامالیکس کے معاملے پر حکومت کو ٹف ٹائم دیا جائے گا۔ اس حوالے سے بلاول بھٹو نے باقاعدہ طور پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور سینٹ میں اپوزیشن لیدڑ چوہدری اعتزازاحسن کو بھی پانامہ لیکس کے معاملے پر نوازشر یف حکومت کیخلاف ڈٹ جانے کی ہدایت کردی ہے پیپلزپارٹی کے ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا ہے کہ موجودہ حالات میں (ن) لیگ سے کسی قسم کی مفاہمت پارٹی اور ملک کے مفاد میں نہیں ہوگی اور پارٹی کو بھی عوامی سطح پر نقصان ہوگا اس لیے پانامہ لیکس کے معاملے پر سب سے پہلے وزیر اعظم نوازشر یف کے خاندان کا ہی احتساب ہو نا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی پالیسی میں کسی قسم کا ابہام نہیں ہم کر پشن کیخلاف اور عوام کے ساتھ ہیں اور عوامی حقوق کے معاملے پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا اور حکمرانوں سے کر پشن کا حساب لیا جا ئیگا۔