امریکہ پاکستان کی امن کیلئے قربانیوں کو نظرانداز نہ کرے،دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان اور اس کے عوام نے لازوال قربانیاں دی ہیں،علی اکبرگجر

جمعہ 27 مئی 2016 21:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 مئی۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)سندھ کے نائب صدر علی اکبرگجر نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کی امن کیلئے قربانیوں کو نظرانداز نہ کرے۔دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان اور اس کے عوام نے لازوال قربانیاں دی ہیں ۔نائین الیون سے لے کر اب تک پاکستان نے کھربوں ڈالر دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے خرچ کئے اور ہزاروں جانوں کا نذرانہ پیش کیا لیکن امریکہ نے ہماری قربانیوں کو یکسر پس پشت ڈالتے ہوئے پاکستان کی سرزمین کو ہدف بناناشروع کردیا ہے جو عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہی نہیں بلکہ پاکستان کے زخموں پرنمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔

حکومت اپنی سرحدوں کی خلاف ورزی کسی صورت قبول نہیں کرے گی ۔وہ پاکستان مسلم لیگ(ن)ہاؤس گلشن جمال میں پاکستان کی سرزمین پرامریکی ڈرون حملے کے خلاف منعقدہ ایک احتجاجی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مسلم لیگ(ن)ضلع کورنگی کے صدرعلی عاشق گجر،فصیح الرحمٰن،محمدفاضل عباسی، چوہدری محمدسلیم،فیاض لاشاری،سردار گل خطاب،احسن ورک، رانامحمدجمیل ،سلطان بہادر،غلام مصطفی ایڈووکیٹ،حاجی صالحین تنولی،، میاں الیاس رشید، راناعنصر، ظہیرعباسی، سردار گل خطاب، چوہدری اسدحسین، صاحبزادہ اظہرہمدانی ، محمداقبال خاکسار، قاضی زاہد، سردارمحمدنذیر، راناعارف، حاجی محمداقبال کے علاوہ درجنوں کارکن اور رہنما موجود تھے۔

علی اکبر گجر نے کہا کہ وہ وقت اب گیا کہ جب امریکہ کی ایک کال پر بڑے بڑے سورما گھٹنے ٹیک دیتے تھے۔اس وقت پاکستان میں منتخب حکومت کام کررہی ہے جو امریکہ کے ’ڈومور‘ کے مطالبے پرکان نہیں دھرے گی بلکہ اس نازک دور میں قومی مفادات اور عوامی امنگوں کو اہمیت دے گی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت اور قیادت یہ سمجھتی ہے کہ پاکستان ایک آزاداورخودمختار ملک ہے ،اس کی سلامتی پر کسی قسم کی مصلحت اختیار نہیں کی جائے گی اور ہرقسم کی غیرملکی جارحیت کا مقابلہ ڈٹ کر کرے گی۔

متعلقہ عنوان :