یوم تکبیر کے سلسلے میں ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں مسلم لیگ(ن) کی طرف سے تقریبات

لیگی خواتین نے کیک کاٹا،مسلم لیگ (ن) کی مشعل برادرریلی،آج مرکزی تقریب رضا ہال میں ہوگی

جمعہ 27 مئی 2016 21:33

ملتان( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 مئی۔2016ء) یوم تکبیر کے سلسلے میں ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں مسلم لیگ(ن) کی طرف سے تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔لیگی خواتین نے یوم تکبیر کی سالگرہ کا کیک کاٹا اور میاں نوازشریف کو خراج تحسین پیش کیا۔مسلم لیگّ(ن)ضلع ملتان نے بھی مشعل برادر ریلی نکالی جس میں کارکنوں کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق یوم تکبیر آج 28مئی کو بھر پور جوش وجذبے سے منایا جائے گا۔ ملک بھر کی طرح ملتان و جنوبی پنجاب میں بھی تقریبات اور یوم تکبیر ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ملتان میں جمعہ کے روز بھی مسلم لیگ(ن) نے مختلف تقاریب کا انعقاد کیا ۔مسلم لیگ (ن)کی رہنما اور پی پی 195شعبہ خواتین کی صدر تہمینہ نوراقبال کی رہائشگاہ پر یوم تکبیر کے سلسلے میں کیک کا ٹنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں لیگی خواتین کی کثیرتعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر افشین بٹ ،شبانہ خدابخش،رخسانہ،رخشندہ،زرینہ بی بی،سکینہ،ودیگر بھی موجود تھیں۔تقریب میں شریک لیگی خواتین کارکنوں نے پاکستان کوایٹمی قوت بنانے پر وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کو خراج تحسین پیش کیا ۔اس موقع پر لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ میاں محمد نوازشریف نے عالمی دباؤ کے باوجودایٹمی دھماکہ کرکے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔

پاکستان کوایٹمی قوت بنانے والے تمام ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں۔مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر بلال بٹ کی قیادت چوک نواں شہر سے پریس کلب تک مشعل برادرریلی نکالی گئی جس میں کارکنوں کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔دریں اثناء مسلم لیگ(ن)ملتان سٹی کے زیراہتمام رضا ہال چوک کچہری آج یوم تکبیر کے موقع پر ملتان میں صبح 9بجے مرکزی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔پاکستان کو ایٹمی قوت بننے کے 16سال مکمل ہونے پرمٹھائیاں تقسیم کی جائیں گی اور جشن منایا جائے گا۔ بعدازاں رضا ہال سے کچہری چوک یوم تکبیرریلی نکالی جائے گی۔جس میں ملتان کے تمام ممبران قومی وصوبائی اسمبلی شریک ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :