دنیا میں انسانیت کی خدمت سے بڑا کوئی مشن نہیں،پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل کالج

جمعہ 27 مئی 2016 19:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 مئی۔2016ء) پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل کالج انسٹی ٹیوٹ پروفیسرڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے دنیا میں انسانیت کی خدمت سے بڑا کوئی مشن نہیں اور نہ ہی اس سے بڑی کوئی عبادت ہے- انہوں نے کہا ذہنی نشونما اور مقابلے کے مثبت رجحان کے حوالے سے غیر نصابی سرگرمیوں کا انعقاد طلباء و طالبات کے لئے اشد ضروری ہوتا ہے۔

تقریب میں مستقبل کے ڈاکٹرز نے مختلف حوالوں سے اپنی پرفارمنس دے کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ شعبہ طب کے علاوہ دیگر فیلڈز میں بھی بخوبی طور پر اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں اور ان کی معاشرے میں پائی جانے والی اقدار اور وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ ان میں ہونے والی تبدیلیوں پر گہری نگاہ ہے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے لاہور جنرل ہسپتال سے منسلک امیر الدین میڈیکل کالج پی جی ایم آئی کی ڈرامیٹک سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی تقریب کے شرکاء سے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں معروف شاعر ، نقاد انور مسعودسابق پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر انجم حبیب وہرہ، فیکلٹی ممبران اور میڈیکل کے طلبا و طالبات کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ یہ تقریب زیر تربیت ڈاکٹرز کو تفریح کا موقع فراہم کرنے کے علاوہ ان کی دیگر حوالوں سے صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا سبب بنے گی۔ہم اپنے اقدامات سے یہ بات ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ دنیا میں کوئی کام بھی مشکل نہیں- ضرورت صرف اور صرف اس امر کی ہے کہ ہم نیک نیتی، ثابت قدمی سے اپنی منزل کی جانب سفر کرتے ہیں اور کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو اپنی کامیابی کی راہ میں حائل نہ ہونے دیں۔

جہد مسلسل کامیابیوں کی نوید ہوتی ہے ۔ آج کی تقریب کا اہتمام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی تھی، جس میں ملک و قوم کے معروف شاعر، نقاد انور مسعود نے شرکت کر کے اس کا چا ر چاند لگائے ہیں تو دوسری جانب مستقبل کے معا لجین نے بتا دیا ہے کہ وہ کسی سے کم نہیں۔ جیسے بھی حالات ہوں وہ اپنے چہروں پر مسکراہٹ سجائے انسانیت کی تعظیم، انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر اپنے پیشہ وارانہ امور سر انجام دیتے رہیں گے کیونکہ دنیا میں انسانیت کی خدمت سے بڑا کوئی مشن نہیں اور نہ ہی اس سے بڑی کوئی عبادت ہے۔

حاضرین مجلس نے نہ صرف نوجوان زیر تربیت ڈاکٹرز کی فنی صلاحیتوں کو بھرپور داد سے نوازا بلکہ وہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی پہچان کے حامل شاعر انور مسعود کے مخصوص شاعرانہ انداز اور ان کے کلام سے بھی محظوظ ہوئے۔ کئی گھنٹے تک جاری رہنے والی تقریب کے اختتام پر شرکاء نہ صرف آپس میں گھل مل گئے بلکہ شرکاء کے اعزاز میں پر تکلف عشائیہ بھی دیا گیاجبکہ معروف شاعر انور مسعود کو اعزاز سے بھی نوازا گیا۔

متعلقہ عنوان :