وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس ،فلاح عامہ کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ اورنئے ترقیاتی پروگرام کے اہم خدوخال پر غور کیاگیا

دیہی روڈ زپروگرام اور صاف پانی پراجیکٹ کیلئے دو برس میں200ارب روپے سے زائدکے وسائل مہیا کیے جائینگے شفافیت، معیار اور رفتار سے منصوبوں کی تکمیل حکومت کاطرۂ امتیازہے، تعمیراتی کام کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا:وزیراعلیٰ

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعہ 27 مئی 2016 19:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 مئی۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت آج یہاں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں صوبے کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیاگیاجبکہ اجلاس میں آئندہ مالی سال کے لئے ترقیاتی پروگرام کے اہم خدوخال پر بھی غور کیاگیا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی ترقی کی متوازن پالیسی سے شہری اوردیہی علاقے یکساں مستفید ہورہے ہیں اوردیہی آبادی کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اربوں روپے کے منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے ۔

جنوبی پنجاب کے اضلاع کیلئے فلاحی پروگراموں میں 10فیصداضافی کوٹہ رکھا گیا ہے جس سے ان علاقوں میں بسنے والے افراد کو فائدہ پہنچے گا۔

(جاری ہے)

خادم پنجاب دیہی روڈ زپروگرام اور پینے کے صاف پانی کے منصوبے بھی دیہی آبادی کی ترقی اورخوشحالی کیلئے شروع کیے گئے ہیں ۔دونوں منصوبوں کیلئے دو برس کے دوران 200ارب روپے سے زائدکے وسائل مہیا کیے جائیں گے، عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام کوترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے گااوردوبرس میں دیہی آبادی کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

آئندہ مالی سال کے دوران پسماندہ علاقوں کی ترقی پر اربوں روپے خرچ کیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے دوران بھی صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا سفر تندہی اور محنت سے جاری رکھیں گے۔تعلیم اورصحت اوردیگر سماجی شعبوں کو بہتر بنانا ہماری ترجیحات میں شامل ہیں اور ان شعبوں کی بہتری اور عوام کو سہولتوں کی فراہمی پر بھر پور توجہ مرکوز کی جائے گی۔

زراعت اور لائیوسٹاک کے شعبے معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے میں اہم کردارادا کرتے ہیں،لہٰذا ان دونوں شعبوں کی ترقی پر پورا فوکس کیا جائے گا تاکہ ہمارا کاشتکار خوشحال ہو اور اس کی مشکلات دور ہوسکیں ۔ آئندہ مالی سال میں زرعی شعبہ کی ترقی ،کسانوں کی فلاح وبہبود اوران کو بہتر سہولتوں کی فراہمی پرخصوصی توجہ دی جائے گی اوراس مقصد کیلئے آئندہ دوبرس میں 100ارب روپے کی خطیر رقم مہیا کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار کے مسائل حل کرنا ہماری ذمہ داری بھی ہے اور فرض بھی ۔زرعی شعبہ کی ترقی اورکاشتکاروں کی فلاح وبہبود کیلئے انقلابی نوعیت کے اقدامات کیے جائیں گے،جس سے زرعی شعبے میں بے پناہ فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو فنی تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا بھی ترجیحات میں شامل ہے اوراس ضمن میں مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت تیارکی جائے گی۔

آئندہ مالی سال کے دوران ایسے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی جائیگی جس سے زیادہ سے زیادہ آبادی مستفید ہواور عام آدمی کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے کیونکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی تمام ترترجیحات کا محورعام آدمی کی فلاح وبہبود اور صوبے کی پائیدار بنیادوں پر تیزرفتارترقی ہے اورمسلم لیگ(ن) کی حکومت عوامی خدمت کو مشن سمجھ کر آگے بڑھا رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی خوشحالی اور صوبے کی ترقی کیلئے ہر طرح کے وسائل مہیا کیے گئے ہیں اوراربوں روپے کے منصوبوں پر انتہائی تیزرفتاری سے دن رات کام ہورہا ہے ۔شفافیت، معیار اور رفتار سے منصوبوں کی تکمیل مسلم لیگ(ن) کی حکومت کاطرۂ امتیازہے۔ منصوبوں کے تعمیراتی کام کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ فلاح عامہ کے منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے تاکہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات حقیقی معنوں میں عوام مستفید ہوسکیں۔صوبائی وزراء رانا ثناء اﷲ ،عائشہ غوث پاشا،ایم این اے حمزہ شہباز،چیف سیکرٹری ،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :