قادیانیوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کو روکاجائے،مفتی حماداﷲ مدنی

جمعہ 27 مئی 2016 18:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 مئی۔2016ء) جمعیت علماء اسلام سندھ کے ناظم مفتی محمدحماداﷲ مدنی نے کہاہے کہ حضور اقدس وؐکو اﷲ پاک نے تمام جہان والوں کے لیے رحمت بناکر مبعوث فرمایا ہے اور آپؐ کی نبوت و رسالت تمام مخلوق کے لیے ہے،آپؐ جن وانس ،حیوانات وجمادات اور نباتات غرض کائنات کے ذرے ذرے کے لیے نبی اور رسول بن کرآئے ہیں ۔

یہ بات انہوں نے جامع عثمان غنی ؓسرجانی ٹاؤن میں جمعہ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہاکہ اب قیامت تک آپؐ کی نبوت ورسالت اور ختم نبوت کادور ہے حضور اقدسؐ کی نبوت والی ء رحمت کے ہوتے ہوئے ہمیں اور کسی نبوت کی ضرورت نہیں، اب ابدلآباد تک آپؐ کی ختم نبوت کا دور چلے گا آپؐ کے بعد کسی قسم کا کوئی نبی اور رسول نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

عقیدہ ختم نبوت دین کا اساسی اور بنیادی عقیدہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کی حفاظت کے لیے امت مسلمہ نے ہمیشہ اتحاد واتفاق کا مظاہرہ کیا ہے عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے بارہ سو صحابہ کرام نے جام شہادت نوش کیا ہے جن میں سات سوحفاظ قرآن تھے ۔انہوں نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ اپنے پسندیدہ اور منتخب لوگوں سے اپنے محبوب ؐ کی ختم نبوت کے تحفظ کا کام لیتا ہے۔

ناموس رسالت قانون کیخلاف یہودی و قادیانی لابی سازشوں میں مصروف عمل ہے،انکی تمام سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا ۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ پاکستان میں قادیانیوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کو روکاجائے، ہم قانون ناموس رسالت کا ہر قیمت پرتحفظ کریں گے،آئین پاکستان کے تحت کلیدی عہدوں پر منکرین ختم نبوت کو براجمان نہیں کیاجاسکتالہٰذاقادیانیوں کو تمام کلیدی عہدوں سے برطرف کیاجائے۔

مفتی حماداﷲ مدنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اور قادیانیت کے خلاف ہر میدان میں کام کرنے کی اشد ضرورت ہے،موجودہ حالات میں اکابرین کے طرز عمل کو اپنا کر دین اسلام کی خدمت اور دین دشمن قوتوں کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے ۔ تحفظ ختم نبوت کا کام جنت کے حصول کا آسان ذریعہ ہے،جب تک غیر مشروط طورپر ختم نبوت پر ایمان نہیں ہوگا اسوقت کوئی بھی فرد مسلمان کہلوانے کا حقدار نہیں ۔انہوں نے تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ بعض ٹی وی چینل قادیانی مصنوعات کی تشہیر کر کے مسلمانوں کوشک وشبہ میں ڈال رہے ہیں ۔حالانکہ بحیثیت مسلمان تمام ٹی وی چینلز کے مالکان کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ قادیانیوں کی مصنوعات کی تشہیر سے اجتناب کریں۔