ایران پاکستان کا آزمایا ہوا دوست ہے ‘اپنی سرزمین کو پاکستان کیخلاف استعمال کی اجازت نہیں دے سکتا ‘ ایرانی سفیر

جمعہ 27 مئی 2016 15:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 مئی۔2016ء) پاکستان میں ایران کے سفیر ہنر دوست مہدی نے کہا ہے کہ ایران پاکستان کا آزمایا ہوا دوست ہے جو اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کی اجازت نہیں دے سکتا، ایران دہشت گردوں کے خلاف کسی قسم کی تمیز نہیں رکھتا اور نہ ہی ملا منصور جیسے کسی شخص کی کبھی حمایت کر سکتا ہے۔ ایرانی سفیر نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے طویل عرصے تک غیر منصفانہ پابندیوں کا سامنا کیا ‘ایران پاکستان کا آزمایا ہوا دوست ہے جو اپنی سرزمین پاکستان کوے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے سکتا۔

ملا منصور طالبان کا سربراہ تھا اور ایران گزشتہ 16 سال سے طالبان کیساتھ متصادم ہے۔ ایران دہشت گردوں میں کسی قسم کی تمیز نہیں کرتا اور نہ ہی ملا منصور جیسے شخص کی کبھی حمایت کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کچھ ممالک دہشت گردی کے خلاف باتیں کرتے ہیں تاہم دہشت گردوں کو پناہ اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کرتے ہیں ان ممالک میں دہشت گردوں کے بینک اکاؤنٹس بھی موجود ہیں اوریہ ممالک ان دہشت گردوں کو مالی مدد بھی فراہم کرتے ہیں۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ پاک، ایران گیس منصوبے پر ایران 2 ارب ڈالر خرچ کر کے اپنے حصے کا کام مکمل کر چکا ہے اوراسے سرحد تک لے آیا ہے اور اب پاکستان کی طرف سے منصوبے کی تکمیل کا انتظار ہے لیکن کچھ ممالک اس منصوبے کے خلاف ہیں اور اسے مکمل ہوتے دیکھ کر خوش نہیں ہیں۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ ایرانی صدر کے دورہ پاکستان میں اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے ‘گوادر اور چاہ بہار دونوں اہمیت کے حامل منصوبے ہیں اور یہ حریف نہیں بلکہ دوست بندرگاہیں ہوں گی جبکہ ایران پاکستان کو ایک ہزار میگاواٹ بجلی بھی فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہاکہ کچھ ممالک اس منصوبے کے خلاف ہیں، جس کا پاکستانی قیادت کو ادراک ‘ ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کے دوران کئی اہم منصوبوں پر دستخط ہوئے ہیں۔ مہدی ہنر دوست نے کہا کہ چاہ بہار علاقائی روابط کو قائم رکھنے کا منصوبہ ہے، یہ منصوبہ کسی منصوبے کے مدمقابل جاری نہیں کیا گیا۔