”پاک شاہین“کا نام استعمال کرنے پر پاکستان نے آئی سی سی کو شکایت لگا دی

جمعہ 27 مئی 2016 13:11

”پاک شاہین“کا نام استعمال کرنے پر پاکستان نے آئی سی سی کو شکایت لگا ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 مئی۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے” پاک شاہین“ کا نام غیرقانونی طور پر استعمال کرنے کی اطلاعات پر آئی سی سی سے ماسٹرز چیمپئنز لیگ کی شکایت لگادی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی نے” پاک شاہین“کانام غیر قانونی طورپر استعمال کرنے کی بنیاد پر اٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے خدشہ ظاہرکیا ہے کہ پہلے کی طرح پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کو بھی بھارتی لابی کی جانب سے نقصان پہنچایا جائے گا، البتہ اب امارات کرکٹ بورڈ کی جانب سے انہیں سپورٹ کیے جانے کا امکان کم ہے۔

رواں برس پاکستان سپر لیگ کے اولین ایڈیشن کو ایم سی ایل کی جانب سے سخت مسائل کا سامنا کرنا پڑا، سابق کرکٹرز کی لیگ کے منتظمین نے پاکستانی ایونٹ کے دنوں میں ہی یو اے ای کے گراوٴنڈز بک کرا لیے اور کئی میچزکی تاریخیں متصادم بھی رہیں، پاکستان کے چند کرکٹرز نے بورڈ کی شرط پوری کرنے کیلئے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر کے این او سی لیا۔

(جاری ہے)

گزشتہ دنوں سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق ماسٹرز لیگ کے پہلے ایڈیشن کی ناکامی کے باوجود منتظمین آئندہ سیزن میں دوبارہ انعقاد کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

اس میں پاک شاہین کے نام سے ایک ٹیم شامل کی جائیگی، پی سی بی کے ایک اعلیٰ آفیشل نے بتایا کہ ہم ان اطلاعات سے واقف اور اس حوالے سے آئی سی سی کو خط بھی لکھ چکے کہ ہمارے سوا کوئی بھی پاک شاہین یا اس جیسا کوئی نام استعمال کرنے کا مجاز نہیں ہے، کونسل خود بھی اب اس قسم کے ایونٹس کی حوصلہ شکنی کرنا چاہتی ہے ، انھوں نے کہا کہ رواں سال ایم سی ایل کو امارات کرکٹ بورڈ نے مکمل سپورٹ کیا، ہمیں اس کی وجہ سے گراوٴنڈز کا زیادہ کرایہ اداکرنا پڑا اور 2 شہروں دبئی و شارجہ تک محدود رہے، مگر اب ایسا نظر آتا ہے کہ اماراتی حکام کو اپنی غلطی کا احساس ہو چکا اور وہ ماسٹرز لیگ سے دور ہی رہیں گے۔

بورڈ آفیشل نے مزید کہا کہ بھارتی لابی پی ایس ایل سے خائف ہے، پہلے ایڈیشن میں بھی ہمیں نقصان پہنچانے کی کوشش ہوئی اور آئندہ برس بھی ایسا ہی ہوگا، البتہ ہم اپنے ایونٹ کی کامیابی کیلئے پْرعزم ہیں۔ واضح رہے کہ اولین ایڈیشن میں شرکت کرنے والے بیشتر کھلاڑیوں کو ایم سی ایل نے تاحال معاوضے ادا نہیں کیے، پلیئرز کی عالمی تنظیم نے اس کیخلاف عدالت سے رجوع کرنے کا عندیہ دیا ہے۔