پاکستان ریلویز کی اپ گریڈیشن کے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری

جمعہ 27 مئی 2016 12:56

اسلام آباد ۔ 27 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 مئی۔2016ء) مسافروں کو بہتر اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے ضمن میں پاکستان ریلویز کی اپ گریڈیشن کے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے ۔ ریلوے حکام کے مطابق منصوبے پر مرحلہ وار کام جاری ہے ،ریلوے اسٹیشنوں کی تزئین و آرائش کا کام کیا جارہا ہے ، ریل گاڑیوں کی حالت بھی بہتر بنائی جارہی ہے جبکہ پرانے انجنوں کی مرمت و بحالی کا کام بھی کیا جارہا ہے اور ریلوے کے آپریشنل مسائل پر قابو پانے کے لئے مزید انجن بھی خریدے جارہے ہیں۔

مستقبل میں حادثات سے بچنے کے لئے سگنل نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے اور کراسنگ لیولز کی حالت بھی بہتر بنائی جارہی ہے۔ٹریکس اور پلوں کی مرمت و بحالی کا کام کیا جارہا ہے اور بعض مقامات پر ٹریکس پر نئے سلیپرز بچھائے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

مسافروں کی حفاطت کے لئے سیکیورٹی کے نظام کو بھی جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے اور ریلوے اسٹیشنوں پر کلوز سرکٹ خفیہ کیمرے نصب کئے جارہے ہیں۔

سامان کی چیکنگ کے لئے سکینر مشینیں بھی نصب کی جارہی ہیں جبکہ ریل گاڑیوں میں بھی سیکیورٹی کا نظام مزید بہتر بنایا گیا ہے اور پولیس کے علاوہ کمانڈوز بھی تعینات کئے گئے ہیں جبکہ ٹریکس کی 24 گھنٹے نگرانی کا کام بھی کیا جارہا ہے۔ ملک بھر میں موجود ریلوے ٹریک کو دو رویہ کرنے کے منصوبے پر مرحلہ وار کام جاری ہے اور رواں سال کے اختتام تک ساہیوال سے رائیونڈ تک ٹریک کو دوریہ کرلیا جائے گا۔

جس کے بعد شاہدرہ سے لالہ موسیٰ اور شاہدرہ سے فیصل آباد تک منصوبے پر کام شروع کیا جائے گا۔ ریل گاڑیوں کی اپ گریڈیشن کا کام بھی کیا جارہا ہے اور اس منصوبے پر بھی مرحلہ وار کام جاری ہے۔ مسافر ٹرینوں کی مانیٹرنگ کا نظام بھی تشکیل دیا جارہا ہے تاکہ ٹرینوں کے اوقات کار کو بہتر بنایا جاسکے۔ آن لائن ٹکٹنگ کے سلسلہ کو بھی وسعت دینے کی مختلف تجاویز زیر غور ہیں تاکہ مسافروں کو ٹکٹ کی بکنگ میں آسانی ہو ۔

حکام کے مطابق موجودہ حکومت نے قومی ادارے کو بحران سے نکال کرمنافع بخش ادارہ بنانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے ہیں اور اس ضمن میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی ہدایات کی روشنی میں مختلف نئے منصوبے شروع کئے گئے ہیں ریلوے اراضی کو قبضہ مافیا سے واگزار کرانے کے لئے بھی کام کیا گیا ہے اور مختلف شہروں میں ریلوے اراضی کو واگزار کرالیا گیا ہے ،بعض مقامات پر ریلوے اراضی کو واگزار کرانے کے لئے قانونی چارہ جوئی کی جارہی ہے۔

ریلوے ٹریکس کے قریب اشتہاری بورڈز اویزاں کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ دریں اثناء حکومت نے مسافر ٹرینوں کے ساتھ ساتھ فریٹ ٹرینوں کو بھی فعال بنایا ہے اور ان کی تعداد میں بھی اضافہ کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ ریونیو حاصل کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :