جیف لاسن کاآرتھر کو وسیم اور میانداد سے استفادہ کرنے کا مشورہ

جمعہ 27 مئی 2016 12:36

جیف لاسن کاآرتھر کو وسیم اور میانداد سے استفادہ کرنے کا مشورہ

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 مئی۔2016ء)پاکستان کے سابق کوچ اور سابق آسٹریلین باوٴلر جیف لاسن نے پاکستان کے نئے کوچ مکی آرتھر کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ٹیم کا کھیل بہتر بنانے کیلئے سابق عظیم کھلاڑیوں جاوید میانداد اور وسیم اکرم کے تجربے سے استفادہ حاصل کریں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق 2007 سے 2008 تک پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کرنے والے جیف لاسن نے مڈ ڈے کو انٹرویو میں آرتھر کو خبردار کیا کہ انہیں اپنے نقطہ نظر پر عمل کروانے سے قبل کام کرنے کے مقامی کلچر کو سمجھنا ہو گا اور جیسے جیسے وہ مقامی کلچر اور کھلاڑیوں سے بہترین کارکردگی لینے کا فن سیکھیں گے اتنا ہی کامیاب رہیں گے۔

جیف لاسن نے کہا کہ غیر ملکی کوچ ہونے کی وجہ سے آرتھر کو یہ فائدہ ہو گا کہ انہیں سابق کھلاڑیوں اور میڈیا کی تنقید کی زیادہ فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہو گی بلکہ اس کے بجائے انہیں سابق کھلاڑیوں کو اپنا ہمنوا بنانے کی ضروت ہو گی۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا کیلئے 180 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے لاسن نے کہا کہ اگر آرتھر نے وسیم اکرم اور جاوید میانداد کے تجربے سے استفادہ نہ کیا تو یہ بیوقوفی ہو گی ان کا تجربہ بہت کارآمد ثابت ہو گا اور انہیں اس کا استعمال کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کوچ کی حیثیت سے مقامی کلچر کو سمجھنا ہو گا، آرتھر آسٹریلین ٹیم کا کلچر سمجھنے میں ناکام رہے اور انہیں برطرف کردیا گیا ٹیم کے انتخاب کے بارے میں سوال پر لاسن نے کہا کہ ٹیم کی سلیکشن میں ہمیشہ بیرونی دباوٴ اور اثرورسوخ ہوتا ہے تاہم ان کی کامیابی کا انحصار اس بات پر ہو گا کہ وہ اس دباوٴ کو کیسے جھیل پاتے ہیں۔