مصر ی اپیل عدالت نے47 افراد کو حکومت مخالف مظاہرے کی پاداش میں سنائی گئی 5 پانچ سال قید کی سزا منسوخ کردی

مدعاعلیہان اس جرمانے کی منسوخی کیلئے اب دوسری مرتبہ اپیل دائر کریں گے ٗوکیل صفائی

جمعرات 26 مئی 2016 20:47

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مئی۔2016ء) مصر ی اپیل عدالت نے47 افراد کو حکومت مخالف مظاہرے کی پاداش میں سنائی گئی 5 پانچ سال قید کی سزا منسوخ کردی ان افراد پر الزام تھا کہ انھوں بحر احمر میں واقع دو جزیرے سعودی عرب کے حوالے کرنے سے متعلق مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی حکومت کے فیصلے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔ ایک ماتحت عدالت نے 14 مئی کو انھیں پانچ، پانچ سال قید اور ایک ایک لاکھ مصری پاؤنڈز (فی کس) جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

اپیل عدالت نے ان کو سنائی گئی قید کی سزا ختم کردی ہے تاہم جرمانے کی سزا برقرار رکھی ہے۔

(جاری ہے)

وکیل صفائی نور فہمی نے بتایا کہ مدعاعلیہان اس جرمانے کی منسوخی کے لیے اب دوسری مرتبہ اپیل دائر کریں گے۔اپیل عدالت نے اپنے فیصلے کا جواز بیان نہیں کیا ہے۔واضح رہے کہ 25 اپریل کو سیکڑوں افراد نے قاہرہ میں دو جزیروں کو سعودی عرب کے حوالے کرنے پر السیسی حکومت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔مظاہرین پر قابو پانے کیلئے پولیس کے سیکڑوں اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ان مظاہروں میں حصہ لینے پر قریباً 2 سو افراد کے خلاف مقدمہ چلایا گیا اس سے پہلے 15 اپریل کو بھی ہزاروں افراد نے قاہرہ میں احتجاجی مظاہرے کیے تھے اور حکومت کے خاتمے کے حق میں نعرے بازی کی تھی۔

متعلقہ عنوان :