سرگودھا میں برآمدات کے فروغ کیلئے ڈرائی پورٹ قائم کی جائے گی ٗوزیر تجارت

علاقے میں پیدا ہونے والے پھلوں کی برآمد کیلئے تمام تر سہولیات ایک ہی جگہ میسر ہوں گی ٗ خرم دستگیر خان

جمعرات 26 مئی 2016 20:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ سرگودھا میں برآمدات کے فروغ کیلئے ڈرائی پورٹ قائم کی جائے گی، علاقے میں پیدا ہونے والے پھلوں کی برآمد کیلئے تمام تر سہولیات ایک ہی جگہ میسر ہوں گی۔ وہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے بورڈ آف ایڈمنسٹریٹرز کے 71 ویں اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔

انہوں نے کہاکہ ڈرائی پورٹ سرگودہا چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور حکومتی تعاون سے چلائی جائے گی، اس علاقے میں تقریباً 250 کینو پراسیسنگ پلانٹ موجود ہیں، ڈرائی پورٹ کی عدم موجودگی کی بناء پر کینو کی برآمدات کو کلیرنس کیلئے کراچی لے جایا جاتا ہے جو برآمد کنندگان کیلئے دقت آمیز عمل ہے۔ ڈرائی پورٹ کے قیام سے تمام کنٹینروں کو ایک مرتبہ چیک کر کے برآمد کیلئے سیل کر دیا جائے گا جس سے برآمد کنندگان کو وقت اور پیسے کی بچت ہوگی۔

(جاری ہے)

اجلا س میں کوئٹہ میں پھلوں کے پیکنگ اور پراسیسنگ پلانٹ قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی جس کیلئے ماہرین سے فزیبلٹی سٹڈی کرائی جائے گی، پلانٹ کوئٹہ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پھلوں کے برآمدکنندگان کی ایسوسی ایشن کے تعاون سے چلایا جائے گا جس سے بلوچستان کے زراعت سے وابستہ کسانوں کو اپنی آمدن میں اضافہ کرنے میں مدد ملے گی۔ بورڈ نے کراچی میں کورنگی ٹینری زون میں بائیو گیس کی مدد سے بجلی کی تیاری کے پراجیکٹ میں توسیع کی منظوری بھی دی،بورڈٖ نے اس ماحول دوست پراجیکٹ کو سراہا اور اس کے انتظامی معاملات کو ماہرین کی زیر نگرانی پروفیشنل انداز میں چلانے کی ہدایت کی۔

بورٖٖڈ نے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ سیکریٹریٹ میں پراجیکٹس کے تکنیکی پہلووں کو جانچنے کیلئے ماہر کے تقرر کی بھی منظوری دی تاکہ ای ڈی ایف بورڈ کے سامنے پیش کئے جانے والے منصوبوں کے قابل عمل ہونے کے متعلق بہترین رائے قائم کی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :