کاشتکارمحکمہ زراعت کی سفارشات پر عمل کریں،زرعی ترجمان

جمعرات 26 مئی 2016 17:44

راولپنڈی۔26مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 مئی۔2016ء)محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان کے مطابق کاشتکار موسم گرما کی سبزیوں کی دیکھ بھال کیلئے محکمہ زراعت کی سفارشات پر عمل کریں۔ سبزیوں کی فی ایکڑ بہتر پیداوار کیلئے بروقت آبپاشی بہت ضروری ہے۔ جڑی بوٹیاں سبزیوں کی پیداوار کو بری طرح متاثر کرتی ہیں اس لئے ان کی تلفی کیلئے مئوثر اور بروقت اقدامات کرنے چاہئیں۔

(جاری ہے)

سبزیوں کا دورانیہ کم ہوتا ہے اور یہ موسمی حالات ، کیڑوں اور بیماریوں سے بری طرح متاثر ہوتی ہیں۔ کیڑوں و بیماریوں کے حملے کا اندازہ لگانے کیلئے کھیت کا معائنہ کرتے رہنا چاہیے۔ حملہ کی صورت میں محکمہ زراعت(توسیع) کے عملہ کے مشورہ سے سفارش کردہ زہروں کا استعمال کریں۔ سپرے کیلئے وقت اور موسمی حالات کو پیش نظر رکھیں۔ محکمہ زراعت کی سفارشات کے مطابق سپرے صبح یا شام کے اوقات میں کرنا چاہیے۔ ان ہدایات پر عمل کرنے سے سبزیوں کی فی ایکڑ اچھی پیداوار لی جا سکتی ہے۔