وفاقی چیمبر کے یونائیٹڈ بزنس گروپ کا بجٹ میں غریب عوام کیلئے ریلیف پیکیج کا مطالبہ

جمعرات 26 مئی 2016 17:21

اسلام آباد ۔ 26 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 مئی۔2016ء) وفاقی چیمبر کے یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) نے بجٹ میں غریب عوام کیلئے ریلیف پیکیج کا مطالبہ کر دیا۔ تین ہزار روپے تک کے بجلی کے بلوں پر ٹیکس و سرچارج عائد نہ کئے جائیں اور سوشل سیفٹی فراہم کرنے والے اداروں کا بجٹ بڑھایا جائے تاکہ خط غربت سے نیچے رہنے والوں کی زندگی آسان بنائی جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار یو بی جی کے سیکرٹری جنرل زبیر طفیل نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قابل ٹیکس آمدنی کی حد چار لاکھ سے بڑھا کے چھ لاکھ کی جائے، موجودہ ٹیکس گزاروں پر بوجھ نہ بڑھایا جائے اور ٹیکس بیس میں اضافہ کیلئے ایف بی آر کے افسران خود ٹیکس گزاروں کو تلاش کریں کیونکہ یہ ہماری بقاء کا مسئلہ ہے۔ زبیر طفیل نے کہا کہ امسال دس لاکھ افراد نے ریٹرن جمع کروائے ہیں جن میں سے چار لاکھ نے اپنی آمدنی چار لاکھ سے کم بتائی ہے جبکہ پانچ لاکھ یا اس سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والوں کی تعداد ہزاروں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے خوشحال طبقات قومی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے بخوشی ٹیکس ادا کریں تاکہ امیر اور غریب کے مابین فرق کو کم کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :