ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری پرحملہ ہیں،ملک کی خود مختاری پرسمجھوتہ نہیں کریں گے،وزیر مملکت عابدشیرعلی

جمعرات 26 مئی 2016 16:32

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مئی۔2016ء) وزیرمملکت پانی وبجلی عابدشیرعلی نے کہا ہے کہ ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری پرحملہ ہے۔ملک کی خود مختاری پرسمجھوتہ نہیں کریں گے۔وزیراعظم کاپانامالیکس میں نام ہی نہیں ہے،عمران خان اپنی زبان بندکریں۔سول اورملٹری فورس ایک ہی صفحے پرہیں۔ملکی ترقی روکنے کیلئے برساتی مینڈک نکل آئے ہیں۔

متبادل توانائی ذرائع کیلئے گیس سپلائی کررہے ہیں۔ماہ رمضان میں سحر اور افطار کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

ملتان میں میپکو ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عابد شیرعلی کا کہنا تھا کہ ماضی کی نسبت اس مرتبہ ہم نے ڈرون حملہ پرسخت ردعمل دیا ہے۔ملکی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آف شور کمپنیوں کا شور مچانے والے عمران خان کا اپنا نام آف شور کمپنیوں میں شامل ہے۔نوازشریف کی قیادت میں پاکستان معاشی طاقت بننے جارہاہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہری علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ 6سے8گھنٹے تک کی جارہی ہے۔ماہ رمضان میں سحر اور افطار کے اوقات میں ایک گھنٹہ قبل اور بعد میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔