وزیر مملکت برائے مواصلات عبدالحکیم بلوچ عہدے سے مستعفی، استعفے میں شکوے شکایتیں کرڈالیں

ابھی تک استعفیٰ موصول نہیں ہوا، حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے،ترجمان وزیراعظم ہاوٴس

جمعرات 26 مئی 2016 16:30

اسلام آباد/کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مئی۔2016ء) وزیر مملکت برائے مواصلات عبدالحکیم بلوچ عہدے سے مستعفی ہوگئے‘ استعفے کے متن میں شکوے شکایتیں کرڈالیں۔ ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق ابھی تک استعفیٰ موصول نہیں ہوا حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو وزیر مملکت برائے مواصلات عبدالحکیم بلوچ مستعفی ہوگئے انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم ہاؤس بھجوا دیا۔

وزیراعظم کو بھجوائے گئے استعفے کے متن میں انہوں نے شکوے شکایتیں کرتے ہوئے کہا کہ آپ سے 29اپریل کو تفصیلی ملاقات کرکے حلقے کے مسائل کا ذکر کیا تھا وزارت کے اختیارات کے بارے میں بھی تحفظات کا اظہار کیا لیکن کچھ نہ ہوا۔ حلقے کے مسائل حل نہیں کروا سکتا لہذا میرا وزارت پر رہنا مناسب نہیں۔

(جاری ہے)

دوسری طرف ترجمان وزیراعظم ہاؤس نے کہا ہے کہ وزیر مملکت مواصلات کا استعفیٰ موصول نہیں ہوا استعفیٰ موصول ہوا بھی تو فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔

واضح رہے کہ عبدالحکیم بلوچ نے گزشتہ سال بھی استعفیٰ دیا تھا تاہم کیپٹن (ر) صفدر کی یقین دہانی کے بعد واپس لے لیا تھا۔ عبدالحکیم بلوچ 2013 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر کراچی کے حلقہ این اے 258 سے کامیاب ہوئے تھے پہلے وہ وزیر مملکت برائے ریلوے رہے اور جون 2014 میں انہیں وزیر مملکت برائے مواصلات بنایا گیا۔

متعلقہ عنوان :