قبائلی علاقوں میں آپریشن متاثرین کی گھروں کو واپسی کا عمل آخری مراحل میں داخل ہو گیا

کرم ایجنسی،خیبرایجنسی باڑا اورجنوبی وزیرستان کے متاثرین اپنے گھروں کو واپس پہنچ گئے

جمعرات 26 مئی 2016 16:18

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مئی۔2016ء)قبائلی علاقوں میں آپریشن متاثرین کی گھروں کو واپسی کا عمل آخری مراحل میں داخل ہو گیا،کرم ایجنسی،خیبرایجنسی باڑا اورجنوبی وزیرستان کے متاثرین اپنے گھروں کو واپس پہنچ گئے۔پراونشنل ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق خیبر ایجنسی کے علاقے باڑا کے تمام ایک لاکھ بارہ ہزار بائیس خاندان واپس اپنے گھروں کو جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

جنوبی وزیرستان کے بتیس ہزار سات سو چار خاندانوں کی واپسی کا عمل مکمل ہو گیا ،اسی طر ح شمالی وزیرستان کے تیس ہزار آٹھ سو اٹھاسی خاندان گھروں کو واپس لوٹ چکے ہیں جبکہ294 خانداوں کی واپسی کاعمل جاری ہے ،اورکزئی ایجنسی کے چارہزار دو سو ستائیس خاندان گھروں کو واپس لوٹ چکے ہیں جبکہ پانچ سو بائیس خاندانوں کی واپسی کا عمل جاری ہے ،پی ڈی ایم اے کے مطابق کرم ایجنسی کے تمام سترہ ہزار پانچ سو تریسٹھ خاندان گھروں کو واپس لوٹ چکے ہیں،پی ڈی ایم اے حکام کا کہنا ہے کہ تمام ایجنسیوں کے ایک لاکھ اٹھانوے ہزار دو سو بیس خاندان اپنے گھروں کو واپس لوٹ چکے ہیں،،باقی رہ جانے والے متاثرین کی واپسی کا عمل بھی جلد مکمل کر لیا جا ئیگا۔