امریکہ نے طارق گیدر اور جماعت الدعوة القران گروپ کو خصوصی عالمی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرلیا

جمعرات 26 مئی 2016 16:17

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مئی۔2016ء) امریکا نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے گروپ طارق گیدر اور جماعت الدعوة القران گروپ کو خصوصی عالمی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرلیا۔ غیر ملکی میڈیاکے مطابق امریکا نے دو تنظیموں کو عالمی دہشت گردوں کی خصوصی فہرست میں شامل کرلیا ہے، فہرست میں شامل ہونے والی تنظیموں میں کالعدم طالبان کا طارق گیدر گروپ اور جماعت الدعوة القرآن شامل ہے۔

امریکا میں موجود مذکورہ گروپوں کے اثاثوں کو منجمد کرتے ہوئے امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ان کی سرگرمیوں کی تحقیقات کا کام سونپ دیا گیا ۔غیر ملکی کے مطابق فہرست میں شامل کالعدم تحریک طالبان طارق گیدر گروپ کالعدم ٹی ٹی پی کا ذیلی گروپ ہے، کالعدم تنظیم میں شامل دہشت گردوں کا تعلق درہ آدم خیل سے ہے۔

(جاری ہے)

امریکی حکام نے بتایا کہ کالعدم طارق گیدر گروپ سانحہ آرمی پبلک اسکول کا ذمہ دار ہے، حملے میں ایک سو تیس بچوں سمیت 145 افراد شہید ہوئے تھے۔

کالعدم گیدر گروپ کی سربراہی عمر منصور عرف عمر نرئے کے ذمے ہے، جو رواں سال جنوری میں چارسدہ کی باچا خان یونی ورسٹی پر حملے میں بھی ملوث رہا، جس میں بیس افراد جاں بحق ہوئے۔امریکی حکام کے مطابق 2008 میں اٹک سے اغوا اور بعد ازاں ذبح کیے جانے والے پولش جیولوجسٹ پیوٹر کی ہلاکت میں بھی عمر منصور اور گیدر گروپ کا ہاتھ ہے۔ ذرائع کے مطابق فہرست میں شامل دوسرے گروپ کالعدم جماعت الدعوةالقرآن کے بارے میں کہا گیا کہ مذکورہ گروپ نے افغان طالبان کے امیر ملا عمر کے ہاتھوں پر بیعت کی، امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق جماعت الدعوة کے کالعدم لشکر طیبہ اور القاعدہ سے رابطے اور اتحاد قائم ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق متعلقہ گروپ سال 2010 میں افغانستان سے برطانوی فلاحی ورکر لینڈا کے اغوا میں بھی ملوث رہا ہے بعد ازاں امریکی نیوی سیل کے ناکام آپریشن میں لینڈا نورگرووٴ امریکی آپریشن میں گرینڈ حملے میں زخمی ہونے کے بعد انتقال کرگئی تھیں۔

متعلقہ عنوان :