ملک میں سٹیل میلٹنگ اور ری رولنگ کارخانے استعداد کی 30 فیصد پیداوار دے رہے ہیں،چیئر مین پی ایس ایم اے

جمعرات 26 مئی 2016 11:04

اسلام آباد ۔ 26 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 مئی۔2016ء) تعمیرات کے شعبہ کی سٹیل اور لوہے کی طلب پوری کرنے کے لئے مقامی صنعت کو حکومتی معاونت کی ضرورت ہے۔ پاکستان سٹیل میلٹرز ایسوسی ایشن ( پی ایس ایم اے) کے چیئرمین میاں اقبال طارق نے حکومت سے درخواست کی ہے لوہے کی مقامی صنعت کو تحفظ فراہم کیاجائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک میں300 سٹیل میلٹنگ اور 500 ری رولنگ کارخانے کام کررہے ہیں جو اپنی پیداواری استعداد کے صرف 30 فیصد حصہ کے برابر پیداوار دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اگر حکومت مقامی صنعت کی سرپرستی کرے تو یہ مقامی صنعتیں اپنی پیداوار بڑھا کر سٹیل اور لوہے کی مقامی طلب کو پورا کرنے کی استعداد رکھتی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سٹیل اور لوہے کی مصنوعات کی درآمدات کی حوصلہ شکنی سے مقامی صنعت کو تحفظ حاصل ہوگا اور اس سے ملکی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔