مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے شہری اور دیہی علاقو ں کی ترقی کے لیئے ریکارڈ ترقیاتی سکیموں کا اجراء کیا،سرفراز افضل

بدھ 25 مئی 2016 22:18

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 مئی۔2016ء) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری چوہدری سرفراز افضل نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے شہری اور دیہی علاقو ں کی ترقی کے لیئے ریکارڈ ترقیاتی سکیموں کا اجراء کیا ہے ․ انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود و ترقی حکومت کی پالیسیوں کا محور و مرکز ہے ․ انہوں نے کہا کہ و زیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے لاہو رکی طرح راولپنڈی میں بھی اربوں روپے کے فنڈزفراہم کر کے میگا پراجیکٹس تعمیر کروائے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائد اعظم کالونی دھمیال کیمپ راولپنڈی میں نو تعمیر شدہ گلیوں کے افتتاح کے بعد شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چوہدری جاوید،ملک یاسر عرفات،ملک مسعود،راجہ ظفر منہاس،ماسٹر نوید کے علاوہ تقریب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں ،عہدیداروں اور اہل علاقہ بھی کثیر تعداد میں موجود تھے ۔

(جاری ہے)

صوبائی پارلیمانی سیکرٹری چو ہدری سر فراز نے کہاکہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ چین اور پاکستان کی لازوال دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے اور یہ منصوبہ ہمارے ملک کی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ میٹرو بس سروس جیسے منصوبے سے عوام کو سستی سفری سہولیات مہیا ہونے کے علاوہ شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ چوہدری سرفراز افضل نے کہا ہے کہ صوبے کی ترقی کیلئے وزیر اعلی پنجاب ہمہ وقت کوشاں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کوئی کسر اُٹھا نہ رکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی شہر کو صاف ستھرا بنانے کیلئے شہری سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سے تعاون کریں تاکہ شہر کی صفائی کو یقینی بنایا جا سکے انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبہ کے ساتھ ساتھ انفراسٹکچرپر خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ عوام کو سہولیات سے آراستہ زندگی میسر آسکے ۔