راولپنڈی آرٹس کونسل میں کِرشن سماروکے فن پاروں کی نمائش

فن کسی مذہب یا علاقے کی میراث نہیں، ایڈیشنل کمشنرطارق محمودطارق کا افتتاحی تقریب سے خطاب

بدھ 25 مئی 2016 22:04

راولپنڈی ۔25مئی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 مئی۔2016ء) راولپنڈی آرٹس کونسل کے زیراہتمام معروف آرٹسٹ کِرشن سماروکے فن پاروں کی نمائش کا انعقادکیاگیا ۔ایڈیشنل کمشنرطارق محمودطارق نے ناہیدمنظوراورریذیڈنٹ ڈائریکٹر وقاراحمدکے ہمراہ نمائش کا افتتاح کیا۔ کِرشن سمارو کے ’تھراورپانی‘کے عنوان سے منعقدہ نمائش میں 28 فن پارے رکھے گئے ہیں۔

کِرشن سماروکاتعلق سندھ سے ہونے کی وجہ سے تھرمیں پانی کی قلت کو اس نے فن پاروں کا موضوع بناکر اپنے جذبات کااظہارکیا ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل کمشنرطارق محمودطارق نے کہا کہ فن کسی مذہب یا علاقے کی میراث نہیں بلکہ یہ ایک خدادادصلاحیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کِرشن سماروکوجوچیزدوسروں سے منفردکرتی ہے وہ یہ ہے کہ صحراء تھر کوتخیلات میں ڈھالنے کی بجائے حقیقت کوعیاں کیا ہے اورتھرکے کرب کوجیسا ہے کی بنیادپرکینوس پرڈھالا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرشن نے رنگوں کے ذریعے جوپیغام دیا ہے وہ بہت اہم ہے کیونکہ یہ سکوت میں بولتی ہوئی تصویریں ہیں۔ناہیدمنظورکا کہنا تھا کہ کِرشن کے کام میں پختگی اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ ایک محنتی اوراپنی مٹی سے محبت کرنے والا آرٹسٹ ہے۔ریذیڈنٹ ڈائریکٹروقاراحمدنے کِرشن سماروکونمائش پرمبارکباددیتے ہوئے کہا کہ کِرشن کے کام کولوگوں کے سامنے لانا آرٹس کونسل کا کارنامہ ہے کیونکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں یہ ان کی پہلی نمائش ہے۔کِرشن سماروکے فن پاروں کی نمائش28 مئی تک جاری رہے گی۔

متعلقہ عنوان :