محکمہ انسدا تجاوزات نے فیڈرل بی ایریا بلاک1- کریم آباد اور گلشن اقبال بلاک 14- میں سڑک اور فٹ پاتھ سے ہر قسم کی تجاوزات کا خاتمہ کردیا

بدھ 25 مئی 2016 21:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسدا تجاوزات نے فیڈرل بی ایریا بلاک1- کریم آباد اور گلشن اقبال بلاک 14- میں سڑک اور فٹ پاتھ سے ہر قسم کی تجاوزات کا خاتمہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق کریم آباد میں فیصل بازار اور بابر اسکوائر کے عقب میں دکانداروں اور ہوٹل مالکان نے اپنی دکانوں کے سامنے کئی فٹ تک فٹ پاتھ اور سڑک پر قبضہ جما رکھا تھا جبکہ دیگر دکانوں کے آگے پتھارے، چائے کے کیبن اور دیگر رکاوٹیں ہونے کی وجہ سے علاقہ مکینوں خصوصاً خواتین اور بچوں کو یہاں سے گزرنا مشکل بن گیا تھا۔

دکانوں کے آگے تجاوزات اور گلی میں رکشوں، موٹر سائیکلوں اور ٹھیلوں کی بھر مار کے باعث اس جگہ زیادہ تر ٹریفک جام کی صورتحال رہتی تھی جس کے باعث علاقہ مکین اور یہاں خریداری کے لئے آنے والے شہریوں کو سخت اذیت سہنی پڑ رہی تھی جبکہ کئی بار درخواست کے باوجودیہ دکاندار اپنی ہٹ دھرمی پر قائم تھے تاہم ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوازت نے ڈائریکٹر مظہر خان کی نگرانی میں کریم آباد فیصل بازار اور بابر اسکوائر کے اطراف میں گلیوں میں قائم تجاوزات کے خلاف کارروائی شروع کی اور فٹ پاتھ پر غیرقانونی طور پر بڑھائی جانے والی دکانوں، دفاتر، پریس اور ہوٹلوں کے اضافی حصے کو مسمار کرکے فٹ پاتھ اور گلی کو راہگیروں اور علاقہ مکینوں کے استعمال کے لئے کشادہ کردیا اس دوران متعدد ٹھیلوں، آہنی کیبن اور کاؤنٹرز، ڈیپ فریزر، میزوں اور کرسیوں کو بھی قبضے میں لے لیا گیا جنہیں بعد ازاں کے ایم سی اسٹور میں جمع کرادیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر معین غوری، ڈپٹی ڈائریکٹر مسرور اقبال اور اینٹی انکروچمنٹس کا عملہ و مقامی پولیس بھی موجود تھی۔ دریں اثناء تجاوزات کے خلاف ایک اور کارروائی کرتے ہوئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے یو کے اپارٹمنٹس، فلک ناز اپارٹمنٹس، یوسی 18 ،گلشن اقبال بلاک ۔14 اور اطراف کے علاقے میں سڑک اور فٹ پاتھ پر لگے متعدد پتھاروں، ٹھیلوں، چپس کے کیبن، مرغی کے پنجرے، لوہے کے اسٹینڈ، ٹیبل، کرسیاں، پنکچر شاپ،گیس کے سلینڈر، لوہے کی بینچیں اور دیگر تجاوزات کو ہٹادیا اور سڑک اور فٹ پاتھ کو تجاوزات سے پاک کردیا یہ کارروائی محکمہ انسداد تجاوزات کے ڈائریکٹر مظہر خان کی نگرانی میں انجام دی گئی جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر محمود صدیقی اور محکمہ انسداد تجاوزات کا عملہ بھی اس موقع پر موجود تھا۔

تجاوزات کے خلاف یہ کارروائی ان شکایات کے پیش نظر کی گئی کہ تجاوزات کی وجہ سے فٹ پاتھ پر پیدل چلنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اس کے علاوہ یو کے اور فلک ناز اپارٹمنٹس کے اطراف سڑک پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہورہی ہے لہٰذا شہریوں کی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے انسداد تجاوزات کی مہم کے ذریعے علاقے کو تجاوزات سے پاک کردیا گیا۔