لسبیلہ کی پختون برادری کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے ،مسائل حل کرانے کیلئے پختون ویلفیئر کمیٹی نے اہم کردار ادا کیا ہے، عبید خان مشوانی

بدھ 25 مئی 2016 21:50

حب:(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء) پختون ویلفیئر کمیٹی کے مرکزی رہنما عبید خان مشوانی نے کہا ہے کہ ضلع لسبیلہ کی پختون برادری کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے اور ان کے مسائل حل کرانے کی مؤثرجدوجہد کے لئے پختون ویلفیئر کمیٹی نے اپنا اہم کردار ادا کیا ہے۔ بعض نامساعد حالات کے باوجود ہماری مرکزی قیادت اور ہمارے کارکن ثابت قدم رہے۔

الحمد اﷲ آج بھی پختون ویلفیئر کمیٹی پہلے کی طرح مضبوط اور مؤثر تنظیم ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے تنظیمی کارکنوں سے ملاقات کے دوران کیا۔ عبید خان مشوانی نے کہا کہ 29مئی کو ہم اپنی تنظیم کا سالانہ کنونشن منعقد کررہے ہیں ہر سال کی طرح موجودہ کنونشن بھی ہرلحاظ سے تارٰکی اور یادگار ہوگا۔ ضلع بھر کے پختون اس یادگار کنونشن کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انشاء اﷲ یہ کنونشن اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 29مئی کے کنونشن میں سابقہ کنونشنوں کی طرح ہزاروں بھائی شرکت کریں گے اور کنونشن کو یادگار بنائیں گے۔ آج ہم جس مقام پر کھڑے ہیں یہ سب کچھ ہمارے درمیان اتفاق، بھائی چارہ اور باہمی یکجہتی کا نتیجہ ہے۔ کچھ نادیدہ قوتیں یہ چاہتی تھیں کہ ہماری جدوجہد اور کوشش ناکام ہو اور ہم ایک مؤثر قوت نہ بن سکیں لیکن ان کی تمام تر سازشیں ناکام ہوگئیں۔

ہماری قیادت اور ہمارے کارکن پہلے بھی ایک تھے اور آج بھی ایک ہیں۔ عبید خان مشوانی نے مزید کہا کہ حالات جیسے بھی ہوں پختون ویلفیئر کمیٹی کے مضبوط پلیٹ فارم سے پختون بھائیوں کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ دنیا کی کوئی طاقت ہمیں اپنے کاز اور مشن سے ہٹا نہیں سکتی۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ 29مئی 2016ء کے سالانہ کنونشن کو کامیاب بنانے کے لئے اپنی کوششیں مزید تیز تر کردیں ۔ مرکزی و یونٹ عہدیداران سے رابطوں کو مؤثر بنائیں اور اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے پوری کریں۔

متعلقہ عنوان :