لعل شہباز قلندرؒ سندھ کے روحانی بزرگ ہیں ،اسلام کی ترویج ،صوفی ازم کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کیا،گورنر سندھ

لعل شہباز قلندر ؒ کی تعلیمات بھی حق و صداقت ، خلوص و محبت ، ایثار و قربانی ، ہمدردی و رواداری ، عدل و احسان اور مساوات کی آئینہ دار ہیں، ڈاکٹر عشرت العباد خان

بدھ 25 مئی 2016 21:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء) حضرت لعل شہباز قلندر کے 764 ویں عرس کے موقع پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حضرت لعل شہباز قلندر سندھ کے روحانی بزرگ ہیں جنھوں نے سندھ میں اسلام کی ترویج اور صوفی ازم کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کیا انہوں نے دیگر اولیاء کرام کی طرح محبت ، اخوت،رواداری اور امن وآتشی کا پیغام عام کیا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان با لخصوص صوبہ سندھ کی سر زمین بزرگان دین اور اولیاء کرام کی سرزمین ہے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ان بزرگان دین نے عوام کو اپنے پیغام اور عمل کے ذریعے اسلام کی سیدھی اور سچی راہ پر چلنے کا درس دیا ۔ انہوں نے کہا کہ حضرت لعل شہباز قلندر ؒ کی تعلیمات بھی حق و صداقت ، خلوص و محبت ، ایثار و قربانی ، ہمدردی و رواداری ، عدل و احسان اور اخوت و مساوات کی آئینہ دار ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تصوف کی بنیاد انسان دوستی ، رواداری ، عدم تشدد اور صلح جوئی پر قائم ہے ، یہی وہ بنیا د ہیں جن سے ترقی پسندی اور روشن خیالی کی بھی تشکیل ہوئی ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ دور میں حضرت لعل شہباز قلندر ؒ کے پیغام کو عام کرنے اور اس پر عمل پیرا ہونے کی اہمیت دوچند ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج دہشت گردی اور انتہا پسندی نے اسلام کے آفاقی اور زریں پیغام کو نقصان پہنچایا ہے اس کو رد کرنے کے لئے شہباز قلندر ؒ کے پیغام کو پھیلانا بہت ضروری ہے ، کیونکہ ان کی تعلیم نفرت کو محبت میں تبدیل کرنے کا درس دیتی ہے ۔

گورنر سندھ نے صوبہ اور ملک کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی زندگیاں سنوارنے ، ملک اور قوم کو ترقی و فلاح کی جانب گامزن کرنے کے لئے حضرت لعل شہباز قلندر ؒ کا پیغام عام کرنے اور ان کی تعلیم پر عمل پیرا ہونے کا عہد کریں۔تاکہ باہمی نفاق، انتشار کے خاتمے کے ساتھ ساتھ محبت ، اخوت، بھائی چارہ اور باہمی آہنگی کو فروغ دیا جاسکے۔