پاکستان اور چین کے تعلقات دنیا میں مثال کی حیثیت رکھتے ہیں ، پاک چین اقتصادی راہداری پوری دنیا کیلئے مفید ثابت ہوگا

صدر ممنون حسین کی پیکنگ یونیورسٹی کے چیئرمین پروفیسر زو شان لو کی زیرِ قیادت وفد سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 25 مئی 2016 21:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مئی۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات دنیا میں مثال کی حیثیت رکھتے ہیں اور پاک چین ا قتصادی راہداری پوری دنیا کے کیے مفید ثابت ہوگا۔ وہ بدھ کو ایوان صدر میں پیکنگ یونیورسٹی کے چیئرمین پروفیسر زو شان لو کی زیرِ قیادت وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔

ملاقات میں پاکستا ن کے سابق سفیر برائے چین اور سٹریٹیجک اسٹیڈیز کے سربراہ مسعود خان بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں پہلے بیجنگ فورم کے اجلاس کا انعقاد دونوں ملکوں کے درمیان بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر بیجنگ فورم کی عملی سرگرمیوں میں میں دلچسپی لیں گے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مستقبل میں تعلیم کے شعبے میں تعان بڑھے گا جس سے دنیا کی دیگر اقوام بھی استفادہ کر سکیں گی۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان علمی رابطے عالمی برادری کے مفاد میں ہیں۔پاکستانی عوام پرخلوص دوستی پر یقین رکھتے ہیں۔پاک چین اکنامک کاریڈور سے وسط ایشیا کے ممالک بھی فائدہ اٹھا نے کی تیاری کر رہے ہیں۔