کراچی، سادہ لباس اہلکاروں کی غیر قانونی چھاپہ مارکارروائیوں ،ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان کی گرفتاریوں پر رابطہ کمیٹی کااظہار مذمت

بدھ 25 مئی 2016 20:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے لانڈھی ، لائینز ایریا اور اورنگی ٹاؤن میں رینجرز اور سادہ لباس اہلکاروں کی غیر قانونی چھاپہ مار کاروائیوں کے دوران ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان کی بلاجواز گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ کراچی آپریشن کی آڑ میں ایم کیوایم کے بے گناہ سیاسی کارکنان کے گھروں پر چھاپے اور ان کی گرفتاریاں اب ایک بڑا سوالیہ نشان بن چکی ہیں ۔

ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ رینجرز اور سادہ لباس اہلکاروں نے لانڈھی ٹاؤن یوسی 16کے کارکنان عثمان ، محمد دانش ، لائینز ایریا ٹاؤن کی کمیٹی کے رکن یامین ، اورنگی ٹاؤن یوسی 19کے آرگنائزر شاہنواز اور یوسی 19کے کارکنان ماجد ، جہانگیر جبکہ اورنگی ٹاؤن یوسی 17کی آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن محمد صابر کو ان کی رہائشگاہوں سے گرفتار کرلیا اور نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ۔

(جاری ہے)

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ 2013ء سے شروع ہونے والے کراچی آپریشن کے دوران رینجرز ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے ایم کیوایم کے کارکنان، ذمہ داران اور منتخب نمائندوں کے گھروں پر چھاپوں اور گرفتاریوں کا ایک نیا ریکارڈ قائم کرلیا ہے ، توجہ طلب بات یہ ہے کہ ایم کیوایم کو شہر کے امن کی خرابی کا ذمہ دار قرار دینے اور چھاپے و گرفتاریوں کے باوجود آج بھی شہر اور اسکے عوام امن و امان سے کوسوں دور ہیں اور امن و امان ان کیلئے خواب بن کر رہ گیا ہے ۔

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ یہ کیسا کراچی آپریشن ہے کہ صرف سیاسی مخالفت میں ایم کیوایم کے سیاسی اور جمہوری حقوق پامال کئے جارہے ہیں اور اختیارات اورریاستی طاقت کا ناجائز استعمال کیاجارہا ہے اگر کراچی میں امن و امان قائم کرنے کے دعویدار اتنے ہی سچے ہیں تو اصل جرائم پیشہ اور دہشتگرد عناصر کو گرفتار کرنے کے بجائے ایم کیوایم کے معصوم و بے گناہ کارکنان جو گھروں پر سوئے ہوتے ہیں انہیں گرفتار کیوں کررہے ہیں ؟اور ان پر سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے کیلئے دباؤ کا استعمال کیوں کررہے ہیں ۔

رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف ، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف اور وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ لانڈھی ، لائینر ایریا اور اورنگی ٹاؤن میں رینجرز اور سادہ لباس اہلکاروں کی ایم کیوایم کے کارکنان اور ذمہ داران کے گھروں پر چھاپے مار کاراوئیوں اور گرفتاریوں کا فی الفور نوٹس لیاجائے اور چھاپے و گرفتاریوں کے ذریعے سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے کا عمل فی الفور بند کرایاجائے ۔

متعلقہ عنوان :