سندھ کے شہری علاقوں کی محرومیوں کا ازالہ انتظامی بنیاد پر نیا صوبہ بنا کر ہی کیاجاسکتا ہے، محفوظ یار خان

الطاف حسین نے عوام میں سے ہی عوامی نمائندوں کو منتخب کرنے کی روایت ڈالی ہے، حق پرست رکن سندھ اسمبلی عظیم فاروقی

بدھ 25 مئی 2016 20:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء) پی ایس 106کی نشست پرہونے والے ضمنی الیکشن نامزد حق پرست امیدوار محفوظ یار خان نے کہا ہے کہ ایم کیوایم سندھ کے شہری علاقوں کے عوام کے ساتھ ناانصافیوں خلاف جدوجہد جاری رکھے گی اور سندھ کے شہری علاقوں کی محرومیوں کا ازالہ انتظامی بنیاد پر نیا صوبہ بنا کر ہی کیاجاسکتا ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز پی ایس 106کی نشست پر ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں لیاقت آباد ٹاؤن یوسی 39اور لیاقت آباد فردوس شاپنگ سینٹر پر منعقدہ بڑی انتخابی کارنر میٹنگوں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

کارنر میٹنگوں میں علاقے کے نوجوانوں، بزرگوں اور خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر حق پرست رکن سندھ اسمبلی عظیم فاروقی ، نامزد حق پرست چیئرمین ڈسٹرکٹ سینٹرل ریحان ہاشمی اور ایم کیوایم سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اراکین بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

کارنر میٹنگز کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے محفوظ یار خان نے کہاکہ آج ہم پر نوکریوں کے دروازے بند ہیں ، قائد تحریک الطاف حسین نے کوٹہ سسٹم کی مخالفت کی اور قائدتحریک الطاف حسین نے ان تمام ناانصافیوں اور محرومیوں کو دیکھتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں 22انتظامی یونٹس بنائے جائیں جس میں سے ایک یونٹ کراچی ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم انشاء اللہ سندھ اسمبلی سے صوبے کی قرارداد منظور کرائیں گے ۔انہوں نے کارنر میٹنگوں کے شرکاء سے اپیل کی کہ لیاقت آباد کے غیور عوام 2جون 2016ء کو اپنے گھروں سے نکل کر پتنگ کے انتخابی نشان پر مہر لگائیں اور ضمیرو فروشوں کو یہ پیغام دیں کہ لیاقت آباد کل بھی قائد تحریک الطاف حسین کا مضبوط قلعہ تھا ، آج بھی ہے اور انشاء اللہ آئندہ بھی رہے گا ۔

حق پرست رکن سندھ اسمبلی عظیم فاروقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی میں قائدتحریک الطاف حسین کا کوئی بھائی ، بھتیجا اور رشتہ دار نہیں ہے بلکہ الطاف حسین نے عوام میں سے ہی عوامی نمائندوں کو منتخب کرنے کی روایت ڈالی ہے جس سے دیگر سیاسی و مذہبی جماعتیں آج بھی محروم ہیں ۔ نامزد حق پرست چیئرمین ڈسٹرکٹ سینٹرل ریحان ہاشمی نے کہا کہ ماضی میں لیاقت آباد کے عوام کو قائد اعظم کی ہمشیرہ محترمہ فاطمہ جناح کو ووٹ دینے کی پاداش میں گولیوں سے بھون دیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بدقسمی یہ ہے کہ یہاں لیڈر وہ لوگ بنتے ہیں جنہیں وزیراعظم یا وزیراعلیٰ بننا ہوتاہے ، صرف قائد تحریک الطاف حسین ہیں پاکستان کے واحد لیڈر ہیں جو کسی عہدے یا اقتدار کی تمنا کے بغیر عوام کی خدمت کرنا چاہتے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں کراچی کے حقوق کی بات نہیں کرتیں اور اس کے وسائل اور اختیارات پر قبضہ کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں ۔