بہاولپور میں خصوصی بچوں کی تفریح کیلئے” فرینڈ لی یوزر“ جھولوں پر مشتمل خوبصورت پارک کا افتتاح

خصوصی بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ، مختلف فنون کی تربیت اور بحالی کے کاموں کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے‘سعید منہیس

بدھ 25 مئی 2016 20:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء ) صوبائی وزیر سپیشل ایجو کیشن آصف سعید منہیس نے بہاولپور میں خصوصی بچوں کی تفریح کیلئے” فرینڈ لی یوزر“ جھولوں پر مشتمل خوبصورت پارک کا افتتاح کیا جس پر مجموعی طورپر ایک کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔ افتتاحی تقریب میں ڈی سی او ڈاکٹر احتشام انورمہار، اور ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ آفتاب پیر زادہ ، چیئر مین یو نین کونسل بلال بلوچ ، ڈی او سپیشل ایجو کیشن شازی حشمت ، ڈائریکٹر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر قذافی بن شکور، سپیشل اداروں کے اساتذہ اور خصوصی بچے موجو دتھے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ خصوصی بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ، مختلف فنون کی تربیت اور بحالی کے کاموں کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے تاکہ وہ معاشرہ کے مفید اور فعا ل شہر ی بن سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کے اقدامات سے خصوصی بچوں کو نا رمل بچوں کے سکولوں میں پڑھایا جا رہا ہے تا کہ ان میں خود اعتمادی اور برابری کا احساس ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالہ سے سپیشل ایجوکیشن نے پنجاب کے دواضلاع بہاولپور اور مظفر گڑھ میں پائلٹ پرا جیکٹ کے تحت کام شروع کیا اور بہت جلد اس پراجیکٹ میں توسیع کر کے 11مزید اضلاع میں سپیشل بچوں کو نارمل بچوں کے سکولوں میں داخل کر ا یا جا ئے گا ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ایسے سپیشل بچے جن کے گھروں کے نزدیک سکول نہیں ہیں انہیں پنجاب ایجو کیشن فاؤنڈیشن کے تعاون سے ووچر سکیم کے تحت تعلیم دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی خصوصی توجہ سے سپیشل افراد کی ملازمت کوٹہ 2فیصد سے بڑھا کر 3فیصد کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گونگے بہرے بچوں کی تعلیم کیلئے علیحدہ علیحدہ کیمپس قائم کرنے کیلئے اقدامات کئے جا ئیں گے۔

صوبائی وزیر آصف سعید منہیس نے سپیشل بچوں کیلئے بنائے گئے پارک کی تعریف کر تے ہو ئے کہا کہ اسکی خوبصورتی اور سر سبز و شادابی کو قائم رکھنے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ اسطرح کے پارک پنجاب کے دیگر اضلاع میں بنا ئے جا ئیں گے۔ ڈی سی او ڈاکٹر احتشام انور مہار نے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ سپیشل افراد کو مختلف محکموں میں ملازمتوں کے مواقع دینے کے ساتھ ساتھ انہیں دفتری امور انجام دینے کیلئے با قا عدہ تر بیت دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپیشل بچوں کی تعلیم اور انکی بحالی کیلئے کام کیا جا رہا ہے اور اس خوبصورت پارک میں انکی ضروریات کو مد نظر رکھ کر سہولیات دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل بچوں کیلئے بین الاقوامی معیار کے جھولے نصب کر نے کیلئے اقدامات بھی کئے جا ئیں گے۔ ڈی سی او نے بتا یا کہ بہاولپور کو خوبصورت اور باغ و بہار کا شہر بنانے کیلئے کام کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے سپیشل بچوں کے پارک کو خوبصورت اور دلکش بنانے پر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے افسران و ملازمین کے کاموں کی تعریف کی۔ ڈسٹرکٹ آفیسر سپیشل ایجو کیشن شا زی حشمت نے سپاس نامہ پیش کر تے ہو ئے کہا کہ سپیشل بچوں کے لیے ڈیزائن کیا گیا یہ خوبصورت پارک تفریحی سہولیات سے مزین ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پارک میں سپیشل بچوں کیلئے جھولے، خوبصورت فوارہ، سبز لان، مکینیکل جانور اور پرندے، جاگنگ ٹریک ، واش رومز اور کیفے ٹیریا بنایا گیاہے۔

متعلقہ عنوان :