قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی کیلئے اداروں کا استحکام اولین ترجیح ہے،پرویزخٹک

حق دار کو اس کے حقوق کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا،عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی یقینی بنائینگے،وزیراعلی خیبرپختونخوا

بدھ 25 مئی 2016 20:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی کیلئے اداروں کا استحکام اور سازگار ماحول کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے تا کہ عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں پراونشیل مینجمنٹ سروس کے افسروں کے ایک نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سینئر صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیرپاؤ، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات مشتاق احمد غنی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی مینجمنٹ سروسز کے افسروں نے مطالبات کی منظوری اور مسائل حل کرنے کی یقین دہانی پر وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا شکریہ اد اکیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے صوبائی حکومت پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسائل کے حل کیلئے وزیراعلیٰ کی تشکیل کردہ کمیٹی کے کرادار کو سراہا۔

وفد نے یقین دلایا کہ پی ایم ایس آفیسرز صوبے میں بہتر خدمات کی فراہمی کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے خدمت کے جذبے سے سرشار افسران کو صوبے کا اثاثہ قرار دیتے ہوئے متعلقہ کمیٹی کو تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ حق دار کو اس کے حقوق کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ پی ایم ایس افسران کو درپیش مسائل کے حل کیلئے سینئر صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیرپاؤ کی سربراہی میں صوبائی وزراء پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ان کے مسائل کے حل کیلئے کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کمیٹی اور پی ایم ایس افسروں کے درمیان طے پانے والے تمام فیصلوں کو رپورٹ کی شکل میں پیش کرنے اور ان کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی تا کہ افسران اطمینان کے ساتھ کے ساتھ اپنے پیشہ ورانہ فرائض سرانجام دے سکیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت روایتی نہیں بلکہ تبدیلی کے ایک نکاتی ایجنڈے کے تحت وجود میں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی، اداروں کی بحالی اور بلا امتیاز انسانی خدمات موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ہیں جن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کسی سے ناانصافی اور حق تلفی کو ہر گز اجازت نہیں دے گی۔ یہی وجہ ہے کہ اس حکومت نے سب سے پہلے اداروں میں سیاسی مداخلت کا خاتمہ کرکے انہیں عوام کے تابع بنایا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس امید کا اظہار کیا کہ پی ایم ایس افسران حکومت کے اصلاحاتی اقدامات کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے پیشہ ورانہ تعاون یقینی بنائیں گے تا کہ غریب عوام کو درپیش مسائل کا خاتمہ اور صوبے کی ترقی ممکن ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :