’’آپ کی آمد سے ہمیں بہت حوصلہ ملا ہے، آپ ہمیشہ ظالم کیخلاف اورمظلوم کیساتھ کھڑے رہے ہیں ‘‘

زیر تعمیر گودام کی دیوار گرنے کی جائے حادثہ کے اچانک دورہ کے موقع پرمزدوروں کی وزیراعلیٰ سے گفتگو

بدھ 25 مئی 2016 20:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مئی۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے قائداعظم انٹرچینج ،مناواں کے قریب زیر تعمیر گودام کی دیوار گرنے کی جائے حادثہ کا اچانک دورہ کیا۔وزیراعلیٰ بغیر پیشگی اطلاع جائے حادثہ پر پہنچے اورتفصیل کے ساتھ جائے حادثہ کا جائزہ لیا اوروہاں موجود مزدوروں سے افسوسناک واقعہ کے بارے میں دریافت کیا۔

وزیراعلیٰ کو ایک مزدورعبدالستار نے بتایا کہ زیر تعمیر گودا م کی60فٹ اونچی دیوار انتہائی کمزور تھی اوراس کی بنیادیں بھی نہ ہونے کے برابر تھیں۔طوفان والی رات ٹریکٹر ٹرالی بھی اس دیوار سے ٹکرائی جس سے یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ایک اور مزدور نے کہاکہ ہمارے ساتھی ہم سے بچھڑ گئے ہیں، آپ کی آمد سے ہمیں بہت حوصلہ ملا ہے۔

(جاری ہے)

ہمیں یقین ہے کہ آپ اس دلخراش واقعہ میں جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کو انصاف دلائیں گے کیونکہ آپ ہمیشہ ظالم کے خلاف اورمظلوم کے ساتھ کھڑے رہے ہیں ۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پرکہا کہ ایسے افسوسناک واقعہ کا کوئی جواز نہیں جو بھی ذمہ دار ہوا قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائے گا۔جن کے پیارے بچھڑ گئے ان کے غم کا اندازہ کوئی دوسرا نہیں کرسکتا لیکن میں ذاتی طورپر بہت رنجیدہ ہوں۔وزیراعلیٰ نے مزدوروں سے ہاتھ ملایا اور انہیں انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :