Live Updates

بھارت خطے میں اسلحے کی دوڑ لگا کرخطے میں عدم توازن پیدا کرکے اپنی اجارہ داری قائم کرنا چاہتا ہے ‘سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کر کے دریاؤں کا پانی روک کر پاکستان کو بنجر کر رہا ہے،حکمران مضبوط خارجہ پالیسی اپنائیں اور ملکی سلامتی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں، امریکہ اور آئی ایم ایف کی غلامی سے چھٹکارہ حاصل کریں اور اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی برادری کے سامنے ان معاملات کو اٹھائیں

پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی پولیٹیکل کمیٹی کے ممبر و صدارتی امید وار لاہور ولید اقبال کی وفود سے ات چیت

بدھ 25 مئی 2016 20:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مئی۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی پولیٹیکل کمیٹی کے ممبر و صدارتی امید وار لاہور ولید اقبال نے کہا کہ بھارت اور ایران کے درمیان چاہ بہار بندر گاہ،سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اورزاہدان تاچاہ بہار بندر گاہ ریلوے لائن سمیت 12اہم منصوبوں کے معاہدو ں پر دستخط ہوئے ہیں،چاہ بہار بندر گاہ کی تعمیر کے لیے بھارت 50کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری بھی کرے گا اور افغانستان کے راستے بھارتی اشیاء اور تجارتی سامان اسی بندر گاہ کے ذریعے دنیا میں بر آمد کر سکے گا اور اس کے ساتھ بھارت کی وسطی ایشیائی ممالک تک رسائی بھی آسان ہو جائے گی ۔

گزشتہ روز اپنے دفتر میں ملاقات کے لیے آنے والے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے ولید اقبال نے کہا کہ (ن) لیگ نے تین سال گزر جانے کے با وجود ابھی تک فل ٹائم وزیر خارجہ نہیں لگایا ہے یہ اہم ترین وزارت وزیر اعظم نے اپنے پاس رکھی ہوئی ہے خود وہ ملک میں موجود نہیں ہوتے اورطارق فاطمی اور سرتاج عزیزجیسے چلے ہوئے کار توسوں سے کام چلا رہے ہیں جو سمجھ سے بالا تر ہے، بھارت پاکستان کا اذلی دشمن ہے وہ پاکستان کے ہمسایہ ممالک سے تعلقات کو فروغ دے رہا ہے جو لمحہ فکریہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ بھارتی سیکیورٹی فورسز آئے روز لائن آف کنٹرول کی خلا ف ورزی کرکے معصوم اور بے گناہ پاکستانی شہریوں کو مار رہی ہیں ،بھارت خطے میں اسلحے کی دوڑ لگا کرخطے میں عدم توازن پیدا کرکے اپنی اجارہ داری قائم کرنا چاہتا ہے اورسندھ طاس معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر کے دریاؤں کا پانی روک کر پاکستان کو بنجر کر رہا ہے غرض یہ کہ وہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا ۔

انہوں نے کہا کہ حکمران خواب خرگوش سے بیدار ہوں مضبوط خارجہ پالیسی اپنائیں اور ملکی سلامتی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں، امریکہ اور آئی ایم ایف کی غلامی سے چھٹکارہ حاصل کریں اور اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی برادری کے سامنے ان معاملات کو اٹھائیں اگر وہ ایسا نہیں کر سکتے تو انہیں اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات