فرانس کا یورو کپ کیلئے 60ہزار پولیس اہلکار تعینات کرنے کا اعلان

دہشت گرد حملے سے بچنے کیلئے تمام اقدامات کریں گے اور جوابی کارروائی کرنے کیلئے تیار رہیں گے،فرانسیسی وزیر داخلہ

بدھ 25 مئی 2016 19:22

فرانس کا یورو کپ کیلئے 60ہزار پولیس اہلکار تعینات کرنے کا اعلان

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مئی۔2016ء) فرانس نے آئندہ ماہ ہونے والے یورو کپ میں 60ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹورنامنٹ کے دوران دہشت گردوں حملوں سے بچنے کیلئے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔فرانس کے وزیر داخلہ نے یہ بیان ہفتے کو پیرس کے اسٹیڈیم میں تماشائیوں کے ہنگامے کے سبب پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد جاری کیا۔

پیرس کا مذکورہ اسٹیڈیم یورو کپ کے افتتاحی میچ کے ساتھ ساتھ فائنل کی بھی میزبانی کرے گا۔فرانس کے وزیر داخلہ برنارڈ کیزے نیوو نے کہا کہ ہفتے کو ہونے والے واقعے کی تحقیقات کی جائے گی اور یورو کپ سے قبل اسے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ہے کہ یورو سب سے بڑا میلے کا اجتماع ہو لیکن ہم فرانسیسی لوگوں کو سچ بتانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

صفر فیصد احتیاط کا مطلب 100 خطرہ ہے لیکن 100 فیصد احتیاط کا مطلب صفر فیصد خطرہ نہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم دہشت گرد حملے سے بچنے کیلئے تمام اقدامات کریں گے اور کوئی بھی جوابی کارروائی کرنے کیلئے تیار ہوں گے۔یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں خودکش بمباروں نے پیرس میں حملہ کر دیا تھا اور حکام اس طرح کے کسی بھی واقعے سے بچنے کیلئے 60ہزار پولیس اہلکار تعینات کریں گے۔انہوں نے کاہ کہ ابھی تک ایونٹ یا فٹبال کو کوئی خاص خطرہ نہیں لیکن ہم کوئی رسک نہیں لینا چاہتے۔