Live Updates

امریکی ڈرون حملے بارے وزیر داخلہ حکومتی موقف بیان کر چکے، وزیراعظم بھی وطن واپسی پر تمام سوالوں کا جواب دیں گے، نواز شریف اقدار کی مخالفین اقتدار کی سیاست کرتے ہیں، مسلم کانفرنس اور تحریک انصاف کے انتخابی اتحاد پر (ن) لیگ آزاد کشمیر کی قیادت دو کالے بکروں کا صدقہ دے کہ ان سے جان چھوٹ گئی، کھاوڑا سے (ن) لیگ میں شامل ہونے والوں کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں، آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے بعد (ن) لیگی ورکرز کی حکومت ہو گی

وزیراعظم کے معاون خصوصی آصف کرمانی کی ممتاز نقوی، شبیر حسین اور گلزار حسین کی پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس کھاوڑا سے مستعفی ہو کر (ن) لیگ میں شمولیت کی تقریب اور پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 25 مئی 2016 18:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مئی۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ امریکی ڈرون حملے بارے وزیر داخلہ حکومتی موقف بیان کر چکے، وزیراعظم نواز شریف بھی وطن واپسی پر تمام سوالوں کا جواب دیں گے، نواز شریف اقدار کی مخالفین اقتدار کی سیاست کرتے ہیں، مسلم کانفرنس اور تحریک انصاف کے انتخابی اتحاد پر (ن) لیگ آزاد کشمیر کی قیادت دو کالے بکروں کا صدقہ دے کہ ان سے جان چھوٹ گئی، پہلے ان دونوں کو الگ الگ ہرانا پڑتاتھا اب ایک ساتھ ہرائیں گے، کھاوڑا سے (ن) لیگ میں شامل ہونے والوں کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں، آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے بعد (ن) لیگی ورکرز کی حکومت ہو گی۔

وہ بدھ کو یہاں کشمیر ہاؤس میں پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس کھاوڑا سے مستعفی ہو کر (ن) لیگ میں شامل ہونے والے ممتاز نقوی، سید شبیر حسین اور گلزار حسین کی شمولیت کے موضع منعقدہ تقریب اور پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والے ان قائدین نے درست فیصلہ کیا کیونکہ کشمیر کونسل کے حالیہ انتخابات میں کشمیری عوام نے (ن) لیگ کے علاوہ دیگر جماعتوں کا کردار دیکھ لیا، (ن) لیگ واحد پارٹی ہے جس نے کشمیر کونسل کے الیکشن میں کوئی بولی لگائی نہ ہی ہارس ٹریڈنگ کا حصہ بنی۔

انہوں نے کہا کہ 28 مئی کو یوم تکبیر کے موقع پر مظفر آباد میں ہونے والے ورکرز کنونشن کو یوم تکبیر ورکرز کنونشن کا نام دیا ہے دیگر اضلاع میں پہلے ہی ورکرز کنونشن کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج (ن) لیگ میں شامل ہونے والوں کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ لوگ مایوس نہیں ہوں گے، (ن) لیگ میں آپ کی عزت اور احترام کا خیال رکھا جائے گا، نواز شریف نے ورکرز کی عزت نفس کا خیال رکھنے اور ساتھ لے کر چلنے کی خصوصی ہدایت کی ہے، آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ورکرز کی حکومت ہو گی، ڈرون حملے بارے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس بارے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان تفصیلی پریس کانفرنس کر چکے ہیں، انشاء اﷲ وزیراعظم نواز شریف بھی لندن سے واپسی پر تمام سوالوں کے جواب دیں گے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں تحریک انصاف اور مسلم کانفرنس کا اتحاد (ن) لیگ کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے، مخالفین (ن) لیگ کی مقبولیت سے خائف ہو کر اکٹھے ہو رہے ہیں، پہلے ان کو الگ الگ ہرانا پڑتا تھا اب ان کو اکٹھے ہرانے کا موقع مل گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو لندن میں ڈرون حملے کے بعد صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ کیا جا رہا ہے، وہ صورتحال کی خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں اور ہدایات جاری کر رہے ہیں۔

مسلم لیگ کی طرف سے امیدواروں کو انتخابی ٹکٹ جاری کرنے بارے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو آزاد کشمیر میں سب سیاسی جماعتوں سے زیادہ امیدواروں کی درخواستیں موصول ہوئیں، پارلیمانی بورڈ کی متعدد میٹنگز ہو چکی ہیں، بہت جلد حتمی امیدوار فائنل کرلئے جائیں گے، ابھی تک کسی کو ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا، پارلیمانی بورڈ کی سفارشات پر پارٹی ٹکٹ کا جراء وزیر اعظم نواز شریف خود کریں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات