آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنماؤں کی بڑی تعداد کی پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت

سابق سیکریٹری اطلاعات آسیہ اسحاق سمیت چاروں صوبوں کے مختلف ذمہ داران سمیت کمال کے ہمرکاب ہوگئے ڈاکٹر فاروق ستارسی پیک پر بات کرنے کے بجائے را کے ایجنٹ کے الزامات کے متعلق بات کریں، مصطفی کمال کی پریس کانفرنس

بدھ 25 مئی 2016 18:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ کی سابق سیکریٹری اطلاعات آسیہ اسحاق سمیت چاروں صوبوں کے مختلف ذمہ داران نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے ۔آسیہ اسحاق نے کہا کہ پاکستان کی بقاء اور ترقی کے لئے اس جماعت میں شامل ہوئے ہیں۔سید مصطفی کمال نے کہا کہ ہمارے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں کسی سے زور زبردستی نہیں کررہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پاکستان ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ شمولیت اختیارکرنے والوں میں اے پی ایم ایل کے مرکزی سینٹرل نائب صدر لالہ عبدالقیوم، سابق رکن پنجاب اسمبلی نائلہ انعام،پنجاب کے صدر ڈاکٹر فرخ چیمہ،جوائنٹ سیکریٹری علی عباس،ڈاکٹر کاشفہ بخاری،قاری افتخار الدین،عامر خان،اے پی ایم ایل لاہور کے صدر شبیر شاہ بخاری،سندھ کے نائب صدر سید عاصم،پشاور کے صدرامتیاز تنولی، مسلم لیگ ن کے سید اعجاز حسین شاہ اور دیگر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

آسیہ اسحاق نے کہا کہ ہم نے مل کر فیصلہ کیا ہے کہ گھروں میں بیٹھنے کے بجائے ملکی بقاء اور ترقی کے لئے جدوجہد کی جائے ۔پاک سرزمین پارٹی کا منشور وطن پرستی کا ہے اس لئے ان کے شانہ بشانہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش تھی کہ چاروں صوبوں سے مزید افراد کو یہاں لے کر آئیں لیکن ہمارے پاس وقت کم تھا۔آج جتنے لوگ بھی شامل ہورہے ہیں وہ اے پی ایم ایل میں اہم عہدوں پر فائز رہے ہیں۔

سید مصطفی کمال نے آسیہ اسحاق اور ان کے ساتھ شامل ہونے والے دیگر افراد کوخوش آمدید کہا اور کہا کہ ہم جس مشن پر چلے ہیں وہ لوگوں کی زندگیاں بچانا ہے جلد سے جلد تبدیلی آرہی ہے پنجاب کے تمام علاقوں میں دفاتر کھل چکے ہیں۔سکھر میں 3دفاتر کام کررہے ہیں ا ور آئندہ چند روز میں بلوچستان بھی جاکر اپنے دفاتر کا افتتاح کریں گے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جنرل (ر) پرویز مشرف سے نہ پہلے کبھی رابطہ تھا اور نہ اب کبھی ہوا ہے ۔

ہمارے ساتھ شامل ہونے والوں میں ہم کسی قسم کا دباؤ نہیں ڈال رہے بلکہ وہ اپنی مرضی سے آرہے ہیں۔سید مصطفی کمال نے کہا کہ ایم کیوایم میں بہت سے ایسے خواہش مند لوگ موجود ہیں جو ہماری پارٹی میں شامل ہونا چاہتے ہیں لیکن ہم انہیں قبول نہیں کررہے کیونکہ ہماری جماعت کے بھی کوئی اصول ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق ستارسی پیک پر بات کرنے کے بجائے را کے ایجنٹ کے الزامات کے متعلق بات کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم خیال کرتے ہیں جن لوگوں کی نوکریاں لگی ہوئی ہیں وہ لگی رہیں لیکن وہ سازشیں کرنے سے باز نہیں آرہے ۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ را کے ایجنٹ ہونے کے الزامات پر ریاست کوئی فیصلہ نہیں کرے گی اور ہمیں حکومت سے کوئی امید نظر نہیں آرہی ہے ۔الطاف حسین اور انکی جماعت وفاقی و صوبائی حکومت کی ضرورت ہیں اوراس لئے انہیں حکومتیں استعمال کرتی ہیں۔سید مصطفی کمال نے کے الیکٹر ک سے اپیل کی کہ وہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کو ختم کریں اور گرمیوں کے دوران لوگوں پر ترس کھائیں۔یہ ہماری وارننگ ہے پھر لوگ ان کے خلاف سڑکوں پر نکل پڑیں گے اورمعاملہ خراب ہوسکتا ہے ۔