خادم اعلیٰ دیہی روڈپروگرام کا18 ہزار ملین روپے کی لاگت سے تیسرا مرحلہ شروع کیا جارہا ہے ‘‘ تنویر اسلم اعوان

166 سکیموں کے تحت شمالی و جنوبی پنجاب میں 1646کلو میٹر طویل سڑکوں کی تعمیر وبحالی کی جائے گی ‘صوبائی وزیر برائے ہا ؤسنگ

بدھ 25 مئی 2016 18:32

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء) صوبائی وزیر برائے ہا ؤسنگ اربن ڈویلپمنٹ مواصلات و تعمیرات ملک تنویر اسلم اعوان نے کہا ہے کہ خادم اعلیٰ دیہی روڈپروگرام کے پہلے دو مرحلوں کی کامیابی سے تکمیل کے بعد 18 ہزار ملین روپے کی لاگت سے اس پروگرام کاتیسرا مرحلہ شروع کیا جارہا ہے جس میں166 سکیموں کے تحت شمالی و جنوبی پنجاب میں 1646کلو میٹر طویل سڑکوں کی تعمیر وبحالی کی جائے گی ،خادم اعلیٰ پنجاب دیہی روڈ پروگرام کی تکمیل سے نہ صرف کسانوں کی منڈیوں تک بروقت اور آسان رسائی ممکن ہو سکے گی بلکہ ان کو ان کی محنت کا صیحح معاوضہ بھی ملے گا ۔

یہ بات انہوں نے پی اینڈڈی کے کمیٹی روم میں خادم پنجاب دیہی روڈ پروگرام کے تیسرے مرحلے کے آغاز کے حوالے سے سٹیر نگ کمیٹی کے 14 ویں اجلاس کی صدارات کرتے ہو ئے کہی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں صوبائی وزیر ملک ندیم کامران رکن صوبائی اسمبلی ، ملک محمد احمد سیکرٹری مواصلات و تعمیرات کے علاوہ محکمہ ٹرانسپورٹ اور محکمہ جنگلات کے متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔

اجلا س کو بتا یا گیا خادم پنجاب دیہی روڈ پروگرام کے دوسرے مرحلے میں 16850ملین روپے کی لاگت سے154سکیموں کی 1570کلو میڑ طویل سڑکوں کی تعمیر و بحالی کاکام مکمل کیا جا چکا ہے۔تفصیلات کے مطابق اس مرحلے میں بہالپور ڈویژن کی 164کلو میٹر طویل سڑکو ں کی 18سکیموں پر 1661ملین روپے ، ڈی جی خان ڈویژن کی 159کلومیٹر طویل سڑکوں کی 12سکیموں پر 1726ملین روپے ، فیصل آباد ڈویژن کی 216کلومیٹر طویل سڑکوں کی23سکیموں پر 2048ملین روپے ، گوجرانوالہ ڈویژن کی 260کلومیٹر طویل سڑکوں کی24سکیموں پر 2994ملین روپے ، لا ہور ڈویژن کی 130کلومیٹر طویل سڑکوں کی 14 سکیموں پر 1650ملین روپے، ملتان ڈویژن کی 193کلومیٹر طویل سڑکوں کی 15سکیموں پر 1895ملین روپے ، روالپنڈی ڈویژن کی 137کلومیٹر طویل سڑکوں کی 15سکیموں 1720ملین روپے ، سرگودھا ڈویژن کی 169کلومیٹر طویل سڑکوں کی 16سکیموں پر 1654ملین روپے اور ساہیوال ڈویژن کی 140کلومیٹر طویل سڑکوں کی 17سکیموں پر 1502ملین روپے کی لاگت سے تعمیرو بحالی کا کام مکمل کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ روڈ انفرا سٹر کچر کی حفاظت اور نو تعمیرشدہ سڑکوں کی پائیداری کو یقینی بنانے کے لئے حکومت پنجاب ایکسل لوڈ مینجمنٹ پروگرام متعارف کروا رہی ہے جس کے تحت زائد وزن لے کر چلنے والی ہیوی ٹریفک کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی - انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ اور تباہی کی بڑی وجہ زائد وزن لے کر چل رہے ٹریکٹر اور ٹرک ہیں جو نہ صرف انسانی جانوں بلکہ روڈ انفرا سٹرکچر کے لئے بھی خطرہ ہیں -صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ سڑکوں کے کناروں کو مضبوط بنا کر نہ صرف ان کی عمر بڑھائی جا سکتی ہے بلکہ محفوظ سفر کو بھی یقینی بنایا جا سکتا ہے - صوبائی وزیر کو ٹرانسپورٹ کے متعلقہ افسران نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ایکسل لوڈ مینجمنٹ پروگرام کے تحت 36اضلاع میں مو بائل اسٹیشنز متعارف کرائے جا رہے ہیں جس سے بڑی حد تک اس مسئلے سے نمٹنے میں آسانی آئے گی ۔

اجلاس کو بتا گیا کہ خادم پنجاب دیہی روڈ پروگرام کے پہلے فیز کی 362 کلو میٹر طویل سڑکوں پر شجر کاری کا کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔ اجلا س کو مزید بتا یا گیا کہ ان سڑکوں کے کنارے شجر کاری مہم کے تحت 64.8 ملین کے درخت لگائے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :