ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتال میں 108 سیٹوں پر ہاؤس جاب کی تقرریاں کر دی گئی ہیں، تمام وارڈز میں ڈاکٹروں کی کمی کا مسئلہ حل ہو گیا

بدھ 25 مئی 2016 15:23

چیچہ وطنی ۔ 25 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 مئی۔2016ء) ساہیوال میڈیکل کالج سے ڈگری مکمل کرنے والی پہلی کلاس نے ہاؤس جاب شروع کر دی ہے جس سے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی قلت کا مسئلہ حل ہو گیا ہے ۔یہ بات کالج پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ظفر حسین تنویرنے کمشنر آفس میں ہونیوالے ایک اجلاس میں بتائی جس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن بابر حیات تارڑ نے کی۔

اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حبیب جیلانی وینس کے علاوہ ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر شاہد نذیر اور ایم ایس قیوم ہسپتال ڈاکٹر عبدالوحید نے بھی شرکت کی ۔انہوں نے بتایا کہ ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتال میں 108 سیٹوں پر ہاؤس جاب کے خواہشمند افراد کی تقرریاں کر دی گئی ہیں اور دونوں ہسپتالوں کے تمام وارڈز میں ڈیوٹیاں بھی لگا دی گئی ہیں جس سے تمام وارڈز میں ڈاکٹروں کی کمی کا مسئلہ حل ہو گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سینئر ڈاکٹروں کی تقرری کیلئے بھی واک ان انٹر ویو کیے جا رہے ہیں تا کہ کالج کی خالی آسامیوں پر جلد از جلد بھرتیاں کی جا سکیں ۔اجلاس میں ڈی ایچ کیو ہسپتال میں جاری ترقیاتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اب تک کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ۔اجلاس میں کمشنر نے محکمہ بلڈنگ کو ہدایت کی کہ دستیاب فنڈز سے ہسپتال کے سیوریج اور صاف پانی کی فراہمی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تا کہ مریضوں اور ان کے لواحقین کو درپیش مشکلات کم ہوسکیں ۔ اجلاس میں ڈاکٹروں کی رہائش کے مسئلے پر بھی غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ حکومت سے رہائش گاہوں کی تعمیر کا منصوبہ جلدمنظور کروایا جائے ۔

متعلقہ عنوان :